نیوزی لینڈ یا انگلینڈ نہیں بلکہ پاکستان حقیقی ورلڈ چیمپئن کہلائے گا

قومی کرکٹ ٹیم نے لیگ اسٹیج میں ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں کو شکست سے دوچار کیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 11 جولائی 2019 23:15

نیوزی لینڈ یا انگلینڈ نہیں بلکہ پاکستان حقیقی ورلڈ چیمپئن کہلائے گا
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جولائی2019ء) نیوزی لینڈ یا انگلینڈ نہیں بلکہ پاکستان حقیقی ورلڈ چیمپئن کہلائے گا،قومی کرکٹ ٹیم نے لیگ اسٹیج میں ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں کو شکست سے دوچار کیا۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں کھیلے جانے والا کرکٹ کا 12 واں ورلڈکپ تیزی سے اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔ ٹورنامنٹ میں اب سے صرف ایک میچ، یعنی فائنل کا معرکہ باقی رہ گیا ہے۔

ٹورنامنٹ سے قبل فیورٹ قرار دی جانے والی میزبان انگلینڈ کی ٹیم فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ انگلینڈ 27 سال کے طویل عرصے کے بعد ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ جبکہ فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم نیوزی لینڈ کی ہے۔ نیوزی لینڈ مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچی ہے۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ 2015 کے ورلڈکپ کے فائنل میں بھی پہنچی تھی، تاہم فائنل میں اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

12 ویں کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل مین پہنچنے والی دونوں ٹیموں آج تک ورلڈکپ جیتنے سے محروم رہی ہیں، لہذا 14 جولائی کو تاریخ بدلے گی، اور 23 سال بعد کرکٹ کی چیمپئن ٹیموں میں ایک نئی ٹیم کا اضافہ ہو جائے گا۔ تاہم 14 جولائی کے فائنل سے قبل ایک دلچسپ بات بھی سامنے آئی ہے۔ کئی شائقین کرکٹ ورلڈکپ 2019 کا حقیقی چیمپئن پاکستان کو قرار دے رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ حیران کن طور پر، پاکستان نے لیگ میچز میں فائنلسٹ ٹیموں یعنی انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کیا۔

اس لیے شائقین کرکٹ پاکستان کو ہی ورلڈکپ کا حقیقی فاتح قرار دے رہے ہیں۔ تاہم پاکستان فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں کو شکست دے کر بھی صرف رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل میں نہ پہنچ پایا۔