نوجوان نسل کو منفی سر گرمیوں سے دو ر رکھنے اور انہیں کھیل کے بہترین مواقعوں کی فراہمی ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے ، شبیر احمد لانگو

جمعرات 11 جولائی 2019 23:50

کوئٹہ۔ 11جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2019ء) صوبے میں نوجوان نسل کو منفی سر گرمیوں سے دو ر رکھنے اور انہیں کھیل کے بہترین مواقعوں کی فراہمی ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے ، اس حوالے سے بلوچستان ہاکی ایسو سی ایشن کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔ ایسو سی ایشن کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت ٹورنامنٹس کا انعقاد قابل ستائش ہے ۔

ان خیالات کا اظہار DEO کوئٹہ شبیر احمد لانگو نے بلوچستان ہاکی ایسو سی ایشن ،کوئٹہ ڈسٹرکٹ ہاکی ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام او رفزیکل ایجوکیشن کے تعاون سے چوتھے علی احمد شہید انٹر اسکول ہاکی ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مہمان خاص کے ہمراہ ڈی ای او سبی عبدالستار لانگو ، احسن جمیل ،ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری امجد ستی ، فزیکل ایجو کیشن ٹیچر ز آرگنائزیشن کے جنرل سیکریٹری عبدالشکور مینگل ، ٹورنامنٹ آرگنائزر کامران صابر تھے مہمان خاص کو بوائے اسکاؤٹس وحدت کالونی کے دستہ نے سلامی پیش کی ضلع کوئٹہ کے گیارہ اسکول ٹیموں نے رنگین وردی میں ملبوس اپنے اسپورٹس بینرز کے ساتھ مہمان خاص کے چبوترے سے گزرے ٹیموں کے ساتھ اسکولوں کے فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز نے بھی نمائندگی کی۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی شبیر احمد لانگو نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن نے انٹر اسکول ٹورنامنٹ میں تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کو مکمل یونیفارم اور سامان فراہم کیا ہے جوکہ لائق تحسین عمل ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ایسو سی ایشن ہر سال اپنی مدد آپ کے تحت ٹورنامنٹ کا انعقاد کراتی ہے مگر اسپورٹس بورڈ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی فنڈ بھی نہیں دیا جارہا ہے ۔

اس کے علاوہ ایسو سی ایشن کو سالانہ گرانٹ کا بھی ابھی تک کوئی اجراء نہیں کیا گیا ۔ انہوںنے کہا کہ میں ایسو سی ایشن کو اس قسم کے کامیاب ایونٹس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید رکھتا ہوں کہ ایسو سی ایشن آئندہ بھی اس قسم کے ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لیے کوشاں رہے گی ۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کچلاک اور گورنمنٹ سنڈیمن ہائی اسکول کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جوکہ سمبلی ہائی اسکول اور سنڈیمن ہائی اسکول کے مابین کھیلا گیا جو سمبلی ہائی اسکول نے صفر کے مقابلے میں 2گول سے جیت لیا ۔

دوسرا میچ کچلاک ہائی اسکول اور پرنس روڈ ہائی اسکول کے ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جوکہ کچلاک ہائی اسکول نے 3گول سے جیت لیا۔ ٹورنامنٹ کے سلسلے کا تیسرا میچ سینٹرل ہائی اسکول اور گورنمنٹ نواب بگٹی ہائی اسکول کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جوکہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ چوتھا اور آخری میچ کمپیری ہینسیو ہائی اسکول اور وحد ت کالونی ہائی اسکول کے درمیان کھیلا گیا ۔

یہ میچ وحدت کالونی ہائی اسکول نے ایک گول سے جیت لیا ۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں کوئٹہ کے اسکولوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیںجن میں 1سنڈیمن ہائی اسکول ، 2سینٹرل ہائی اسکول ،3وحدت شاہین ہائی اسکول ، 4 پولیس گرائمر اسکول ، 5 سمبلی ہائی اسکول ،6 کچلاک ہائی اسکول ، 7پرنس روڈ ہائی اسکول ، 8گورنمنٹ نواب اکبر بگٹی ہائی اسکول ، 9 کمپیری ہینسیو ہائی اسکول ، 10 المستقیم ہائی اسکول شامل ہیں ۔ ٹورنامنٹ میں ایمپائرنگ کے فرائض محمد اسلم ، عدنان نافع ، ثاقب ایاز نے انجام دیئے ۔ جبکہ جیوری میں محمد علی ، محمد عدنان ، زاہد ، احسن جلیل ، محمد شکیل شامل تھے ٹورنامنٹ کے آرگنائزنگ سیکریٹری کامران صابر اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر احسن جلیل ہیں ۔