ایف بی آر کسٹمز آپریشن ونگ کا ڈاکٹر عبدالقدوس شیخ کے خاندان کیلئے کسٹمز پول فنڈ سے ایک کروڑ روپے کے عطیہ کا اعلان

چیئرمین ایف بی آر سیّد محمد شبر زیدی شہید افسر کا نام اعلیٰ ترین سول ایوارڈ کیلئے بھی نامزد کریں گے

جمعہ 12 جولائی 2019 18:07

ایف بی آر کسٹمز آپریشن ونگ کا ڈاکٹر عبدالقدوس شیخ کے خاندان کیلئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2019ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے کسٹمز آپریشن ونگ نے فرائض کی بجاآوری کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید افسر ڈاکٹر عبدالقدوس شیخ کی جرأت اور بے لوث خدمت پر ان کے خاندان کیلئے کسٹمز پول فنڈ سے ایک کروڑ روپے کے عطیہ کا اعلان کیا ہے ، چیئرمین ایف بی آر سیّد محمد شبر زیدی شہید افسر کا نام اعلیٰ ترین سول ایوارڈ کیلئے بھی نامزد کریں گے ۔

چیئرمین ایف بی آر سید شبر زیدی نے کہاہے کہ تمام افسران مشکل کی اس گھڑی میں شہید افسر کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے کسٹمز آپریشن ونگ نے شہید افسر کیلئے 36 تنخواہوں کے برابر اعزازیہ کی بھی منظوری دی ہے شہید افسر کو خراج تحسین پیش کرنے اوران کی قربانیوں کو یادرکھنے کیلئے یاد گار چوک اور پارک کے قیام کا بھی اعلان کیا گیاہے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی سمگلنگ ماڈل کسٹم کولیکٹوریٹ کوئٹہ ڈاکٹر عبدالقدوس شیخ گزشتہ منگل کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے تھے ۔ ڈاکٹر عبدالقدوس شیخ پاکستان کسٹمز سروس انفورسمنٹ ونگ کے بہترین افسروں میں شمار ہوتے تھے۔ ڈاکٹر عبدالقدوس شیخ پر 3 جولائی کی رات کو کوہل پور بلوچستان سے قیمتی سمگل شدہ اشیاء کے کنٹینر کو پکڑنے کے بعد اس وقت نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا جب وہ واپس ہیڈکوارٹر کوئٹہ جا رہے تھے۔

پاکستان کسٹمز سروس نے ڈاکٹر عبدالقدوس کی اس بہادری اور قربانی کو زندہ رکھنے کیلئے کول پور چیک پوسٹ، جہاں ڈاکٹر عبدالقدوس پر حملہ ہوا تھا ، کا نام ڈاکٹر عبدالقدوس شہید چیک پوسٹ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس جگہ ڈاکٹر عبدالقدوس پر سمگلرز کی طرف سے حملہ ہوا تھا وہاں شہید افسر کی یاد میں ایک یادگار اور پارک بنایا جائیگا۔ چیئرمین ایف بی آر سیّد محمد شبر زیدی شہید افسر کا نام اعلیٰ ترین سول ایوارڈ کیلئے بھی نامزد کر رہے ہیں جو کہ ہر سال یوم آزادی پر دیا جاتا ہے۔