Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سرمایہ کاری بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس

وزیراعظم کی چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کو کاروبار کے حوالے سے وفاقی و صوبائی قوانین کو ہم آہنگ اور مربوط بنانے کا عمل ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت سرمایہ کاری بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں متعلقہ قوانین کو صوبوں کے اشتراک سے مزید آسان بنایا جائے گا تاکہ غیر ضروری شرائط کو ختم کیا جائے، سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی اور ان کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم عمران خان

جمعہ 12 جولائی 2019 18:48

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سرمایہ کاری بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2019ء) وزیراعظم عمران خان نے چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ کو کاروبار کے حوالے سے وفاقی و صوبائی قوانین کو ہم آہنگ اور مربوط بنانے کا عمل ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات کی روشنی میں متعلقہ قوانین کو صوبوں کے اشتراک سے مزید آسان بنایا جائے گا تاکہ غیر ضروری شرائط کو ختم کیا جائے۔

انہوں نے یہ ہدایت جمعہ کو سرمایہ کاری بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیرِ توانائی عمر ایوب خان، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ زبیر گیلانی، ڈاکٹر سلمان شاہ، ڈاکٹر شمشاد اختر، احمر بلال صوفی و دیگر شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مختلف شعبوں میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، کاروبار کی راہ میں درپیش رکاوٹوں اور مشکلات کو دور کرنے، اسپیشل اکنامک زونز کے قیام، صنعت و حرفت سے وابستہ افراد کو سہولیات بہم پہنچانے اور وفاقی و صوبائی سطح پر کاروباری برادری کے لئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اور اس ضمن میں مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے سرمایہ کاری کے حوالے سے مرتب کی جانے والی نئی حکمت عملی برائے 2020-24ء کا پہلا تجویز کردہ مسودہ بھی وزیر اعظم کو پیش کیا گیا۔ بورڈ اراکین کی تجاویز کے مطابق مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے کاروبار سے متعلق وفاقی اور صوبائی سطح پر موجود مختلف قوانین کو ہم آہنگ و یکجا کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران آگاہ کیا گیا کہ اسپیشل اقتصادی زونز کے حوالے سے بھی قوانین کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ان کو کاروبار دوست بنایا جاسکے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ کو کاروبار کے حوالے سے وفاقی و صوبائی قوانین کو ہم آہنگ اور مربوط بنانے کا عمل ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات کی روشنی میں متعلقہ قوانین کو صوبوں کے اشتراک سے مزید آسان بنایا جائے گا تاکہ غیر ضروری شرائط کو ختم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی اور ان کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وفاقی اورصوبائی سطح پر مختلف قوانین، کاروبار کے لئے غیر ضروری قوائد و ضوابط، سرکاری محکموں کی جانب سے کاروباری طبقے کے لئے مشکلات پیدا کرنے کی روش اور کرپشن نے کاروباری طبقوں کے لئے مسائل پیداکیے جس کی وجہ سے صنعتی ترقی جمود کاشکار ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملکی آبادی میں نوجوانوں کی کثیر تعداد، ارزاں ورک فورس کی دستیابی اور لبرل حکومتی پالیسی سرمایہ کاری کے لئے نہایت موزوں ماحول فراہم کرتی ہیں جس سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات