Live Updates

صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید کی آئی جی پنجاب سے ملاقات، صوبہ میں دہشت گردی واقعات میں کمی پر پولیس کے اقدامات کو سراہا

جمعہ 12 جولائی 2019 18:48

صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید کی آئی جی پنجاب سے ملاقات، صوبہ ..
لاہور۔12 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب پولیس معاشرے میں قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کے ساتھ عوام کوپولیس سے متعلق سروسز کی بغیر کسی پریشانی فراہمی کیلئے شب و روز کوشاں ہے ، اس سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کے ساتھ ساتھ تمام دستیاب وسائل کو بھی بروئے کار لایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات کا ازالہ فی الفور ہوسکے، انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس نے اپنے وسائل سے صوبے کے تمام اضلاع میں خدمت مراکز قائم کئے ہیں جنہیں ایک مربوط انٹی گریٹڈ سسٹم کے تحت آپس میں انٹر لنک کرنے سے عوام کو چودہ سے زائد سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہمی ممکن بنا دی گئی ہے جس سے اب تک لاکھوں شہریوں کے قیمتی وقت کے ساتھ ساتھ پیسے کی بچت بھی ممکن ہوئی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سنٹرل پولیس آفس میں صوبائی وزیر برائے ہائوسنگ میاں محمود الرشید کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا جبکہ آئی جی نے صوبائی وزیر کو پنجاب پولیس کے ورکنگ سسٹم میں نئی اصلاحات اور پراجیکٹس سے آگا ہ کیا ،میاں محمود الرشید نے صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں خاطر خواہ کمی پر پنجاب پولیس کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے پنجاب پولیس کے منصوبے قابل ستائش ہیں،انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کی جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈیشن ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے ہر ممکن اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات