راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کا امکان

جمعہ جولائی 19:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2019ء) راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ مون سون کی مزید بارشیں ہوں گی، چند مقامات پر موسلادھار بارش جبکہ اس دوران ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ جمعرات تک کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا میں اکثر مقامات پر تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس دوران ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ اتوار (شام /رات) سے جمعرات کے دوران ژوب، ڈی آئی خان، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور اور ساہیوال ڈویژن میں بھی چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

تیز بارشوں کی وجہ سے ہزارہ، راولپنڈی، ڈی جی خان ڈویژن اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور ہزارہ ڈویژن ،کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

اس دوران لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی ڈویژن کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی امکان ہے۔(آج) ہفتہ کو اسلام آباد، ہزارہ، راولپنڈی،گوجرانوالہ،لاہور ڈویژن اورکشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ مالاکنڈ، مردان، کوہاٹ، پشاور، بنوں، ڈی آئی خان، فیصل آباد اور سرگودہا ڈویژن میں کہیں کہیں تیز ہوائوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم راولپنڈی،گوجرانوالہ، لاہور، مالاکنڈ، ہزارہ،کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن اور اسلام آباد میں کہیں کہیں تیزہوائوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش جہلم37، مری10، بھکر05، اسلام آباد(بوکرہ 04، سیدپور02، گولڑہ01)، نارووال03، گجرات، سیالکوٹ01، بنوں29، مالم جبہ19، پارا چنار16 اور ڈی آئی خان میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جمعہ کو ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی 46، دادو،سبی اور دالبندین میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔