Live Updates

ڈاکٹرشمشاد اخترمعاون خصوصی برائے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ مقرر

ڈاکٹرشمشاد اختر ماہراقتصادیات اورسابق گورنراسٹیٹ بھی رہ چکیں، ڈاکٹرشمشاد اختر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 12 جولائی 2019 18:54

ڈاکٹرشمشاد اخترمعاون خصوصی برائے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ مقرر
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 جولائی 2019ء) وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر شمشاد اختر کومعاون خصوصی برائے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ مقررکردیا، ڈاکٹر شمشاد اختر ماہر اقتصادیات، اور سابق گورنر اسٹیٹ بھی رہ چکیں، کابینہ ڈویژن نے ڈاکٹرشمشاد اختر کی تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ویژن اور منصوبوں کو کامیاب بنانے کیلئے ڈاکٹر شمشاد اختر کومعاون خصوصی برائے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ مقررکردیا ہے۔

کابینہ ڈویژن نے ڈاکٹرشمشاد اختر کی تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔ ڈاکٹر شمشاد اختر ماہر اقتصادیات، اور سابق گورنر اسٹیٹ بھی رہ چکیں، ڈاکٹر شمشاد اختر نگران حکومت میں وفاقی وزیر خزانہ کی ذمہ داریاں بھی سرانجام دے چکی ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ کو کاروبار کے حوالے سے وفاقی و صوبائی قوانین کو ہم آہنگ اور مربوط بنانے کا عمل ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

وہ آج یہاں سرمایہ کاری بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں وزیر توانائی عمر ایوب خان، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ زبیر گیلانی، ڈاکٹر سلمان شاہ، ڈاکٹر شمشاد اختر، احمر بلال صوفی و دیگر شریک تھے۔ اجلاس میں مختلف شعبوں میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، کاروبار کی راہ میں درپیش رکاوٹوں اور مشکلات کو دور کرنے، اسپیشل اکنامک زونز کے قیام، صنعت و حرفت سے وابستہ افراد کو سہولیات بہم پہنچانے اور وفاقی و صوبائی سطح پر کاروباری برادری کے لئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اور اس ضمن میں مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے سرمایہ کاری کے حوالے سے مرتب کی جانے والی نئی حکمت عملی برائے 2020-24ء کا پہلا تجویز کردہ مسودہ بھی وزیر اعظم کو پیش کیا گیا۔ بورڈ اراکین کی تجاویز کے مطابق مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے کاروبار سے متعلق وفاقی اور صوبائی سطح پر موجود مختلف قوانین کو ہم آہنگ و یکجا کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران آگاہ کیا گیا کہ اسپیشل اقتصادی زونز کے حوالے سے بھی قوانین کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ان کو کاروبار دوست بنایا جاسکے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ کو کاروبار کے حوالے سے وفاقی و صوبائی قوانین کو ہم آہنگ اور مربوط بنانے کا عمل ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات