Live Updates

پاکستان ، خطے میں امن و استحکام کا حامی ہے ،افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار پورے خلوص نیت سے نبھا رہا ہے ، شاہ محمود قریشی

جمعہ 12 جولائی 2019 19:15

پاکستان ، خطے میں امن و استحکام کا حامی ہے ،افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ، خطے میں امن و استحکام کا حامی ہے اسی نقطئہ نظر کے تحت پاکستان ،افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار پورے خلوص نیت سے نبھا رہا ہے اور پاکستان کی ان کاوشوں کو پذیرائی بھی مل رہی ہے ۔ پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے معاشی سفارتکاری کو بروئے کار لا کر بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔

جمعہ کو مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کا ساتواں اجلاس وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت ہوا جس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سابق سفراء ، سابق خارجہ سیکرٹریز، ماہرینِ بین الاقوامی امور اور دیگر اراکین مشاورتی کونسل نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر اعظم عمران کے متوقع دورہ امریکہ، افغان امن عمل سمیت اہم علاقائی و عالمی امور زیر بحث آئے۔

وزیر خارجہ نے مشاورتی کونسل کے اراکین کو اپنے حالیہ دورہ برطانیہ، دولت مشترکہ کے اجلاس اور وہاں دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے ہونے والی دو طرفہ ملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ سیکریٹری جنرل کامن ویلتھ نے دولت مشترکہ کے فعال ممبر کے طور پر پاکستان کے کردار کو سراہا ۔اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے متوقع دورہ امریکہ اور اس دورہ کے دو طرفہ پاک امریکہ تعلقات پر اثرات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان ، خطے میں امن و استحکام کا حامی ہے اسی نقطئہ نظر کے تحت پاکستان ،افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار پورے خلوص نیت سے نبھا رہا ہے اور پاکستان کی ان کاوشوں کو پذیرائی بھی مل رہی ہے ۔ پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے معاشی سفارتکاری کو بروئے کار لا کر بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ کے کثیر الجہتی امور میں معاونت پر مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کے اراکین کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات