Live Updates

نیب نوٹس بھیجنا چاہتا ہےتوبھیج دے،ہم نیب کوتسلیم نہیں کرتے، فضل الرحمان

نیب کو استعمال کیا جا رہا ہے، 20 سالوں سے میری جائیداد کی کھوج لگائی جا رہی ہے، لیکن ان کو میرے خلاف کچھ بھی نہیں ملا۔ پشاورمیں میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 12 جولائی 2019 19:15

نیب نوٹس بھیجنا چاہتا ہےتوبھیج دے،ہم نیب کوتسلیم نہیں کرتے، فضل الرحمان
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 جولائی 2019ء) جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نیب کو تسلیم نہیں کرتے،نیب کو استعمال کیا جا رہا ہے، اگرکوئی نیب نوٹس بھیجنا چاہتا ہے تو بھیج دے،20 سال سے میری جائیداد کی کھوج لگائی جا رہی ہے، لیکن ان کو میرے خلاف کچھ بھی نہیں ملا۔ وہ آج پشاور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس وقت ہم بدترین غلامی کا شکار ہیں۔ پاکستان کا بجٹ آئی ایم ایف نے بنایا اور اس کی ٹیم کو ہم پر مسلط کردیا گیا ہے۔ بدترین حکومت نے عوام پر مہنگائی مسلط کردی ہے۔ عوام کا جینا مشکل کردیا گیا ہے۔حکومت ڈاکومنٹیشن کے نام پر عوام کی جیبوں تک رسائی چاہتی ہے۔ آج میڈیا پر پابندی لگائی جا رہی ہے اور اینکرچیخ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عوام کی چیخ وپکار آسمان کو چھو رہی ہیں۔ ملک کا ہر طبقہ تاجر ، دکاندار چیخ رہے ہیں۔ مغرب کا معاشی نظریہ اور فلسفہ مسلط کیا گیا ہے۔ امریکہ اور یورپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ اس حکومت کی پشت پناہی چھوڑ دے۔ سنا ہے عمران خان امریکہ جا رہا ہے۔ کس لیے جا رہے ہیں یہ کسی کو معلوم نہیں۔ بتایا جائے عمران خان سفیر کے گھر کیوں قیام کریں گے؟ انہوں نے کہا کہ طبل جنگ بج چکا ہے اب فیصلہ میدان میں ہوگا۔

ہم نے جولائی کے الیکشن کو تسلیم نہیں کیا۔ 25 جولائی کو پوری قوم یوم سیاہ منائے گی۔ جے یوآئی ف پشاور میں ملین مارچ کرے گی۔  مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اکثریت چاہتی ہے کہ چیئرمین سینیٹ تبدیل کیا جائے، لیکن اقلیت کو کیا حق پہنچتا ہے کہ ڈپٹی چیئرمین کیخلاف تحریک عدم اعتماد لائے؟ انہوں نے کہا کہ ہم اس نیب کو تسلیم نہیں کرتے۔ اس نیب کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ اگرکوئی نیب نوٹس بھیجنا چاہتا ہے تو بھیج دے۔ 20 سال سے میری جائیداد کی کھوج لگائی جا رہی ہے،لیکن ان کو میرے خلاف کچھ بھی نہیں ملا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات