روٹی اور نان کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا

نان بائی ایسوسی ایشن کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے، نان12 اور روٹی6روپے میں ہی فروخت ہو گی

muhammad ali محمد علی جمعہ 12 جولائی 2019 19:43

روٹی اور نان کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی2019ء) ضلعی انتظامیہ لاہور اور نان بائی ایسوسی ایشن کے درمیان روٹی و نان کی قیمتوں کے حوالے سے مذاکرات کامیاب ہو گئے،نان12 اور روٹی6روپے میں ہی فروخت ہو گی، اس ضمن میں ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس میں ہوا جس کی صدارت ڈی سی صالحہ سعید نے کی جبکہ نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب گل، بہادر خاں اوردیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی، اجلاس میں ڈی سی لاہور نے نان بائی ایسوسی ایشن کے مسائل سنُے اور اِن کو اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ اِن کے گیس سے متعلقہ مسائل کو فوری حل کر لیا جائے گا،اس موقع پر نان بائی ایسوسی ایشن نے خود مطالبہ کیا کہ خود ساختہ قیمتیں بڑھانے والے نان بائی کیخلاف سخت کارروائی کریں، انہوں نے ڈی سی لاہور کو اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ نان12روپے اور روٹی6روپے میں ہی فروخت ہو گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سینیئر صحافی و تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہا ہے کہ نان بائی ایسوسی ایشن کی جانب سے اگرچہ روٹی اور نان کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تاہم روٹی مہنگی نہیں ہو گی۔ اگر قیمتوں میں کوئی اضافہ ہوا ہے تو وہ بھی واپس ہو جائے گا۔ اگر مہنگی ہوئی تو 2 ، 4 روپے ہی مہنگی ہو گی۔ کیونکہ روٹی کی قیمت میں اضافہ ایسا معاملہ ہے جس پر شہریوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی بھی ہو سکتی ہے۔

اس سے بڑی تباہی ہو سکتی ہے۔ میرا خیال ہے کہ اس کا ایک آدھ دِن میں فیصلہ ہو جائے گا۔ میاں اسلم اقبال نے بھی یہی کہا ہے کہ روٹی کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا۔ اسلم اقبال ایک ذمہ دار آدمی ہے۔ کہ چاہے سبسڈی دینی پڑے ، دی جائے گی۔ ن لیگ کے دور میں بھی سستی روٹی کا پراجیکٹ شروع ہوا تھا۔