بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا پر دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرلیاگیا

دہلی میں ایک شو میں پرفارمنس کرنا تھی پرفارمنس کے لیے آرگنائیزرز سے 24 لاکھ روپے لے کر شو کرنے سے انکار کردیا تھا

جمعہ 12 جولائی 2019 21:27

بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا پر دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرلیاگیا
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2019ء) دبنگ گرل سوناکشی سنہا یوں تو آج کل اپنی آنے والی کامیڈی فلم خاندانی شفا خانہ کی تشہیر اور ایکشن کامیڈی فلم دبنگ تھری کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔تاہم ان کے مداحوں کے لیے بری خبر یہ ہے کہ اداکارہ پر ایک بار پھر دھوکا دہی کا مقدمہ دائر کرکے ان کے خلاف تفتیش شروع کردی گئی۔سوناکشی سنہا پر الزام ہے کہ انہوں نے بھارتی دارالحکومت دہلی میں ایک شو میں پرفارمنس کرنا تھی اور انہوں نے اس شو میں پرفارمنس کے لیے آرگنائیزرز سے 24 لاکھ روپے بھی لیے تھے۔

تاہم پیسے لینے کے باوجود اداکارہ نے شو میں پرفارمنس کرنے سے انکار کردیا تھا۔پیسے لینے کے باوجود شو میں پرفارمنس نہ کرنے کے الزام کے تحت ہی اداکارہ کے خلاف بھارتی ریاست اتر پردیش میں مقدمہ دائر کرکے ان کے خلاف تفتیش شروع کردی گئی۔

(جاری ہے)

سوناکشی سنہا کے خلاف ریاست اترپردیش کے ضلع مرادآباد میں دھوکا دہی کا مقدمہ دائر کیے جانے کے بعد پولیس اداکارہ کے گھر بھی گئیں، تاہم اداکارہ رہائش گاہ پر موجود نہیں تھیں۔

رپورٹ کے مطابق اترپردیش کی پولیس نے ممبئی پولیس کی مدد سے سوناکشی سنہا کے گھر کا دورا کیا، جہاں پولیس نے اداکارہ کے ملازمین کا بیان ریکارڈ کیا اور پولیس کئی گھنٹوں تک دبنگ اداکارہ کا انتظاربھی کرتی رہیں۔طویل انتظار کرنے کے باوجود اداکارہ کے نہ آنے پر پولیس سوناکشی سنہا کی رہائش سے چلی گئی، تاہم امکان ہے کہ پولیس ایک بار پھر اداکارہ کا بیان ریکارڈ کرنے کے لیے ان کے گھر کا دورا کرے گی۔اداکارہ پر دھوکا دہی کا مقدمہ دائر کرنے پر ان کے سیکریٹری نے بتایا کہ اداکارہ پر جھوٹ کے تحت مقدمہ دائر کیا گیا۔