محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید طوفانی بارشوں اور ندی نالوں میں سیلاب کی پیش گوئی کردی

شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ، محکمہ موسمیات

جمعہ 12 جولائی 2019 22:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2019ء) محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید طوفانی بارشوں اور ندی نالوں میں سیلاب کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید طوفانی بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے، اورشدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور سیلاب کا خدشہ بھی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ13 جولائی سے 18 جولائی کے درمیان مغربی ہواؤں اور مون سون ہواؤں کے ملاپ سے ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشیں اور شہری علاقوں سمیت پہاڑی ندی نالوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے مری، گلیات سمیت، کاغان، ناران، میرپور، بھمبر، مظفر آباد، راولاکوٹ، باغ، سوات، کالام، دیر، کوہاٹ، پشاور، بنّوں، مردان، کوہلو، ڑوب، سبّی، سیالکوٹ، راولپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، لاہور، فیصل آباد اور نور پور تھل میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔