حکومت آزاد کشمیر کرپشن کا بازار گرم کیے ہوئے ،اس پر کڑی نظررکھنا ہوگی،بیرسٹرسلطان

بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں آئے روز انسانی حقوق کی پامالیوں میں اضافہ کر دیا گیا،عالمی برادری کے سامنے مسئلہ کشمیر کو اٹھانا ضروری ہے ،سابق وزیراعظم آزادکشمیر

جمعہ 12 جولائی 2019 22:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2019ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آئے روز مظالم و بربریت میں اضافہ کر رہا ہے اسلئے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اٹھانا ضروری ہو گیا ہے ۔حکومت آزاد کشمیر کرپشن کا بازار گرم کیے ہوئے ہے اس پر بھی نظر رکھنی ہوگی۔

اگرچہ وفاقی حکومت نے فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیرہ ارب روپے اضافی بجٹ دیا ہے لیکن لگتا ہے کہ یہ بھی آزاد کشمیر حکومت کی کرپشن کی نظر ہو جائے گااورہم بھی اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں اوروفاقی حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ اس پر نظر رکھے تاکہ بجٹ صحیح معنوں میں عوامی فلاح و بہبود کے لئے خرچ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیریٹ اسلام آبادمیں آزاد کشمیر بھر سے آئے ہوئے مختلف وفود سے ملاقاتیں کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملاقات کرنے والوں میں سابق وزیر سردار گل خنداں، سابق مشیر سردار تبارک، شیخ مقصود، کرنل (ر)راجہ ضمیر،راجہ خورشید، راجہ فرخ ممتاز اور دیگر بھی شامل تھے۔اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر کے سابق سیکریٹری اطلاعات سردار امتیاز خان بھی موجود تھے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں آئے روز انسانی حقوق کی پامالیوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

لہذا اب وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے خلاف آواز بلند کی جائے۔انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت نے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے وفاقی حکومت نے اگرچہ فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر حکومت کو تیرہ ارب روپے اضافی بجٹ دیا ہے تاہم اس امر پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے کہ یہ بجٹ بھی آزاد کشمیر کی کرپشن کی نظر نہ ہو جائے اور یہ بجٹ صحیح معنوں میں عوام پر خرچ کیا جانا چاہیے۔