عدالت نےشواہد مانگے تودوسری ویڈیوز بھی پیش کریں گے، شاہد خاقان عباسی

دوسری ویڈیوزعوام کے سامنے رکھنے والی نہیں ہیں، معاملہ بہت سنجیدہ ہے، اس لیے دوسری ویڈیوز عوام کے سامنے نہیں رکھی، میں گرفتار ی کیلئے ہر وقت تیار ہوں، ہاتھ صاف ہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں۔سابق وزیراعظم کی نجی ٹی وی سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 12 جولائی 2019 20:39

عدالت نےشواہد مانگے تودوسری ویڈیوز بھی پیش کریں گے، شاہد خاقان عباسی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 جولائی 2019ء) مسلم لیگ ن کے سینئرنائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عدالت نے شواہد مانگے تودوسری ویڈیوزبھی پیش کریں گے، دوسری ویڈیوزعوام کے سامنے رکھنے والی نہیں ہیں،معاملہ بہت سنجیدہ ہے، اس لیے دوسری ویڈیوز عوام کے سامنے نہیں رکھی، میں گرفتار ی کیلئے ہر وقت تیار ہوں، ہاتھ صاف ہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت میں کوئی چینل بند نہیں ہوا ۔ زرداری صاحب کا انٹرویو بند کرنا ، بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے، بنیادی حقوق کبھی ختم نہیں ہوتے مجھے گرفتار کرلیں ، لیکن میرے بنیادی حقوق تو ختم نہیں ہوں گے۔ یہ غیرقانونی گرفتاریاں ہیں۔اسحاق ڈارکو اپنے طیارے میں باہر لے کرگیا تھا لیکن ان پر الزام کیا ہے؟میں نے کہا کہ یہاں کیس بنتا نہیں بدنام کردیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

کرپشن کا الزام لگانا بڑا آسان ہے۔ اسحاق ڈار 6مہینے اٹک جیل میں رہے،یہاں کسی کو ایک دن رکھیں وہ ہر دن کی گواہی دے گا۔ آمریت سے مقابلے مت کریں۔اسحاق ڈار ساڑھے چار سال وزیرخزانہ رہے لیکن الزام نہیں لگا رہے۔لوگ یہاں سے بھاگ اس لیے رہے ہیں کہ انصاف کی توقع نہیں ہے ۔نیب میں انصاف کی توقع رکھنا ، یہ صرف سیاسی انتقام ہے۔ جیل میں ڈالا جاتا ہے،بدنام کیا جاتا ہے،حمزہ شہبازپر85ارب کی منی لانڈرنگ شروع ہوئی اب 18پر پہنچ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیو کے شواہد میں نے نہیں بنائے ہم نے ویڈیو کی تصدیق کروائی اور عوام کے سامنے رکھ دیا کہ یہ جج ہے جس نے تین بار وزیراعظم رہنے والے کو سزا دی۔ منی لانڈرنگ یہ ہے کہ پیسے باہر سے پاکستان آئے ہیں ۔ میں نے اسحاق ڈار کو کہا کہ یہاں مت آئیں ، یہاں انصاف نہیں ہے۔ایک ویڈیو آئی ہے جج ہے، ہم قانون کی بات کررہے ہیں، سپریم کورٹ کو سوموٹو ایکشن لینا چاہیے۔

سپریم کورٹ دودھ کے ریٹ ، شادی ہال کی صفائی پر لے سکتی ہے تویہاں بھی لینا چاہیے، اگر یہاں نوٹس نہ لیا توعوام کا انصاف سے اعتماد اٹھ جائے گا۔امریکا میں بھی 20، 20سال جیلوں میں پڑتے رہتے ہیں ۔ لیکن جب ثبوت آجاتے ہیں تو رہا کیا جاتا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم سے سپریم کورٹ نے شواہد مانگے تو تمام دوسری ویڈیو بھی پیش کردیں گے، کیونکہ وہ ویڈیوز عوام کے سامنے رکھنے والی نہیں ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مجھے انہوں نے گرفتار کرنا ہے کرلیں، میں ہروقت تیار رہتاہوں، میرا بیگ گاڑی میں پڑا ہوا ہے، جن کے ہاتھ صاف ہوتے ہیں ان کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی، مجھے پتا ہے یہ مجھے گرفتار کریں گے کیونکہ یہ خوف میں ہے۔