Live Updates

سی پیک منصوبے کے تحت مختلف شعبوں میں طے شدہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانا اولین ترجیح ہے،عمران خان

ٰحکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ذ* پاکستان اور چین کی عوام گہری دوستی کے مضبوط بندھن میں بندھے ہیں، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، چین کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، چینی بزنس کمیونٹی کے وفد سے ملاقات

جمعہ 12 جولائی 2019 23:49

سی پیک منصوبے کے تحت مختلف شعبوں میں طے شدہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2019ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی عوام گہری دوستی کے مضبوط بندھن میں بندھے ہیں، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، چین کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، سی پیک منصوبے کے تحت مختلف شعبوں میں طے شدہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانا اولین ترجیح ہے،حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے (ایز آف ڈوئنگ بزنس) پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی بزنس کمیونٹی کے وفد سے ملاقات میں کیا۔وفد میں 55سے زائد مختلف چینی کمپنیوں کے سربراہان شامل تھے ۔ملاقات میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی ، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی و دیگر شریک تھے جبکہ پاکستان میں چین کے سفیر بھی ملاقات میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ملاقات وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کے دوران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے کی کڑی ہے ۔مختلف صنعتوں اور شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی چینی کمپنیوں کے سربراہان کی جانب سے پاکستان میں آئندہ تین سے پانچ سال میں پانچ ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی اور سمال اور میڈیم شعبے سے تعلق رکھنے والی چینی کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری کرنے اور انڈسٹری پاکستان منتقل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چینی کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری اور انڈسٹری کی منتقلی کے نتیجے میں پہلے سال پچاس ہزار سے زائد نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔چین کی قیادت کے وژن اور تدبر خصوصا امن و ترقی، گورننس اور عوام کو غربت سے نکالنے کی حکمت عملی سے متاثر ہیں۔ چین کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ سی پیک منصوبہ پاکستان چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کے پوٹییشنل سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے ضمن میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت مختلف شعبوں میں طے شدہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانا اولین ترجیح ہے۔ سی پیک منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کے لیے وزارت منصوبہ بندی میں خصوصی شعبہ قائم کیا ہے تاکہ ان منصوبوں کی بلا رکاوٹ پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے (ایز آف ڈوئنگ بزنس) پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

چینی سفیر نے وفد میں شامل مختلف چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور چینی کمپنیوں کی دلچسپی کو اجاگر کیا گیا ۔چینی سفیر کا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ آپ کے دور میں سرمایہ کاری کے فروغ اور غیر ملکی کمپنیوں کو کاروبار میں سہولیات بہم پہنچانے کے ضمن میں واضح پیش رفت اور عزم دیکھنے میں آیا ہے۔ مضبوط ، خوشحال اور نیا پاکستان کے عزم کو عملی جامہ پہنانے ، صنعتی شعبے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں چین کی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔ وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے حکومت کی تجارتی پالیسیوں اور خصوصا سی پیک منصوبوں کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے شرکائ کو آگاہ کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات