جیل میں موجود قیدی سے7لاکھ روپے کی رقم برآمد

پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں سے7364موبائل فونز برآمد

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 13 جولائی 2019 05:40

جیل میں موجود قیدی سے7لاکھ روپے کی رقم برآمد
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جولائی2019ء)   کہنے کو تو جیل سزا ہے مگر جس جیل میں آپ کا اچھا بستر لگا ہو،ایل سی ڈی پر ڈرامے فلمیں دیکھنے کی سہولت موجود ہو،جیب میں کیش کی سہولت بھی ہو کہ آپ کچھ بھی باہر سے منگوا سکتے ہوں، موبائل فون پر گھر والوں سے چوبیس گھنٹے بات کر سکتے ہو،چھوٹے موٹے چور اور عام ملزم آپ کی مالش کرنے اور خاطر تواضع کے لیے نوکروں کی طرح آپ کے گرد بیٹھے ہوں تو وہ جیل کم اور فائیو سٹار ہوٹل زیادہ ہوتا ہے۔

شاید آپ کو یقین نہ آئے مگر حقیقت یہی ہے کہ پاکستان کے سبھی صوبوں کی جیل میں کچھ ایسے ہی مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں۔جو تگڑے اور بدمعاش ٹائپ قیدی ہیں وہ اسی ٹھاٹھ باٹ سے رہتے ہیںجبکہ عام قیدی مگر پیسے دینے کی سکت رکھنے ولے ڈیوٹی پر مامور کانسٹیبل کو پیسے دے کر گھر والوں سے فون پر بات کرنے کے علاوہ کھانے پینے کی اشیا بھی باہر سے منگواتے ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب کی جیلوں میں سرچ آپریشن ہوا جس میں کچھ ہوشربا معلومات سامنے آئے۔پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں سے7364موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں، جبکہ موبائل فونز کی2271 سمیں،1627چارجرز برآمد ہوئے۔ اس حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قیدیوں سے موبائل فونز، سمیں،چارجرز کی برآمدگی میں لاہور ریجن پہلے نمبر پر ہے۔صرف لاہور ریجن کی جیلوں سے3262موبائل فونز برآمد ہوئے، راولپنڈی ریجن سے1488،فیصل آباد کی جیلوں سے1212موبائل فونز ملے۔

اس کے علاوہ سرگودھا ریجن میں573، ملتان کی جیلوں میں279قیدیوں سے موبائل فونز برآمد ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بہاولپور کی جیلوں سے304، ساہیوال ریجن سے246موبائل فونز ملے۔اس حوالے سے جیل حکام کا کہنا ہے کہ قیدیوں سے ممنوعہ اشیاءملنے پر انتظامیہ کیخلاف کارروائی معمول کا حصہ ہے، ذرائع کے مطابق ممنوعہ اشیاءبرآمد ہوتی رہتی ہیں، کسی افسر کیخلاف کارروائی نہیں کی جاتی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال کراچی سینٹرل جیل میں رینجرز، پولیس اور ایف سی نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا تھا، اس دوران قیدیوں کے قبضے سے موبائل فون، ٹی وی، سی ڈیز سمیت نقد رقم اور اہم چیزیں برآمد کی گئی تھیں۔سیکیورٹی فورسز نے مختلف بیرکس میں تلاشی کے دوران قیدیوں کے قبضے سے 300 سے زائد موبائل فونز برآمد کیے۔سرچ آپریشن کے دوران قیدیوں کے قبضے سے لاکھوں روپے جبکہ ایک قیدی کے پاس سے 7 لاکھ روپے بھی برآمد کیے گئے، مختلف بیرکس میں ہونے والے آپریشن میں ٹی وی، ایل سی ڈیز بھی برآمد کی گئیں۔