Live Updates

دال میں کچھ تو کالا ہے،ارشد ملک کی ویڈیو کی تحقیق ہونی چاہیے

وفاق صوبوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈال کران کا معاشی قتل کر رہا ہے،بلاول بھٹو

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 13 جولائی 2019 06:09

دال میں کچھ تو کالا ہے،ارشد ملک کی ویڈیو کی تحقیق ہونی چاہیے
 لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جولائی2019ء)   جس دن سے مریم نواز نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ویڈیو میڈیا پر شیئر کی ہے اسی دن سے احتساب پر سوالات اٹھنا شروع ہو گئے ہیں۔کیونکہ ان جج صاحب سے قبل چیئرمین نیب کی ویڈیو بھی سامنے آ چکی ہے لہٰذا تنقید کے در تو کھلنے تھے۔اگرچہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو کام کرنے سے روک دیا گیا ہے مگر یہ کوئی معاملے کا حل نہیں ہے کیونکہ اب تو ہر طرف سے آواز اٹھنے لگی ہے کہ اس معاملے کی شفاف تحقیق کرائی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات جنم نہ لیںاسی حوالے سے تنقید کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نہیں جانتا جج ارشد ملک کی ویڈیو کتنی سچ ہے لیکن یہ جج نوازشریف اور آصف زرداری کا کیس سن رہا ہے، دال میں کچھ تو کالا ہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری کا احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو ہٹانے کے فیصلے سے متعلق کہنا تھا کہ سب سیاسی جماعتوں نے اعلیٰ عدلیہ سے جج کی ویڈیو کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، اس جج کو ہٹادیا گیا ہے اور امید ہے کہ اسے اپنی صفائی کا موقع دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ میں یہ پوچھنے پر مجبور ہوں کہ یہ جج نوازشریف کا کیس بھی سنے اور آصف زرداری کا بھی تو کیا یہ اتفاق ہے؟ ایسا اداروں کے لیے بڑا نقصان دہ ہوسکتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بلاول کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن اراکین کی تعداد زیادہ ہے اور چیئرمین سینٹ اپوزیشن کا ہی بنے گا۔بلاول نے مزیدکہا کہ وفاق صوبے کا معاشی قتل کررہا ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی طرح سندھ کے حقوق پر بھی ڈاکہ ڈالا جارہا ہے، پیسے کم ملنے سے بجٹ اور معیشت پر اثر پڑرہا ہے لیکن ہم پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے ذریعے کوشش کررہے ہیں کہ کم پیسے میں منصوبے مکمل کیے جائیں۔بلاول بھٹو نے حکومت پر تنقید کی کہ وہ انتقام کی سیاست کر نے کے ساتھ ساتھ دوسری پارٹیوں کوترقیاتی فنڈ دینے میں بھی بخل سے کام لے رہے ہیں مگر ایسے زیادہ دیر تک نہیں چکے گا۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات