پی آئی اے کی پرواز کوحادثہ

اسلام آباد سے جاپان جانے والی پرواز کا رن وے پر اس کا ٹائر پھٹ گیا،جہاز معجزاتی طور پر محفوظ رہا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 13 جولائی 2019 10:25

پی آئی اے کی پرواز کوحادثہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی2019ء) قومی ائیر لائن کی پرواز پی کے 852 اڑان بھرنے کے لیے تیار ہوئی لیکن رن وے پر اس کا ٹائر پھٹ گیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کی اسلام آباد سے جاپان جانے والی پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔پی کے 852 اڑنے کے لیے بلکل تیار ہی تھی لیکن اچانک رن وے پر ہی اس کا ٹائر پھٹ گیا۔جہاز معجزاتی طور پر محفوظ رہا۔

اسلام آباد سے جاپان جانے والی پرواز نے بیجنگ میں ایک گھنٹہ رکنا تھا،جہاز میں چند پاکستانیوں کے علاوہ چینی مسافر بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔پی آئی اے کے جہازوں کے ساتھ اس طرح کے حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔اس سے قبل گذشتہ سال بھی پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کی کراچی سے جانے والی پرواز کو پنجگور ائیرپورٹ پر حادثہ پیش آیا تھا اور طیارہ رن وے سے اتر کر کچی زمین پر پہنچ گیا۔

(جاری ہے)

کراچی سے جانےو الی پی آئی اے کی پرواز پی کے 517 نے جیسے پنجگور ائیرپورٹ پر لینڈ کیا تو طیارہ رن وے سے بے قابو ہو کر کچی زمین پر اتر گیا۔ جس کے نتیجے میں جہاز کا ایک ٹائر پھٹ گیا۔تاہم ائیرپورٹ حکام کے مطابق طیارے میں تمام سوار تمام مسافر محفوظ رہے۔مالی مسائل میں گھر قومی ائیرلائن کی کسی پرواز کے ساتھ اس قسم کا حادثہ پہلی بار پیش نہیں آیا بلکہ پی آئی اے کی متعدد پروازیں حادثات کا شکار ہوتی رہتی ہیں۔

دسمبر 2016میں چترال سے اسلام آباد آنے والا پی آئی اے کا طیارہ حویلیاں کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔ جس کے نتیجے میں عملے سمیت طیارے میں سوار 47 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔جن میں معروف نعت خواں جنید جمشید بھی شامل تھے۔اسی سال ملتان میںپی آئی اے کی کراچی جانے والی پرواز کے انجن میں ٹیک آف سے پہلے آگ بھڑک اٹھی تھی۔ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ لاہور ائیرپورٹ پر قومی ائیرلائن پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔

لاہور ائیر پورٹ پر طیارے کے انجن سے پرندہ ٹکرا گیا۔ٹیک آف کے دوران طیارے کے ٹائر بھی پھٹ گئے۔ کپتان نے ایمرجنسی بریک لگا کر طیارے کو روکا۔پی آئی اے کی پرواز پی کے 2057 ، 395 عازمین حج کو لے کر جدہ روانہ ہو رہی تھی ۔ طیارے کے ٹائر پھٹنے کے واقعہ کے بعد ریسکیو ٹیمیں رن وے پہنچ گئیں تھیں۔