کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جانا ضروری ہے، قاسم خان سوری

اقوام متحدہ کے مبصرین کی نگرانی میں آزادانہ و شفاف رائے شماری ہی مسئلہ کشمیر کا حل ہے، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی

ہفتہ 13 جولائی 2019 18:45

کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2019ء) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے یوم شہداء کشمیر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جانا ضروری ہے، اقوام متحدہ کے مبصرین کی نگرانی میں آزادانہ و شفاف رائے شماری ہی مسئلہ کشمیر کا حل ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کشمیری بھائیوں کے جذبات کی قدر کرتے ہیں اور خواہ کچھ ہو جائے دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیریوں کی آواز اور جدوجہد کو فوجی طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا نہ ہی ان کے انسانی حقوق کو پامال کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بھارتی حکومت تشدد اور جبر کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو نہیں کچل سکتی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی ظلم اور تشدد کی پالیسی ناکام ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

بے گناہ کشمیریوں کی شہادت پر عالمی برادری کی خاموشی کا کوئی اخلاقی جواز نہیں۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کے جذبے سے سرشار ہے اور بھارت کے غاصبانہ قبضے کو قبول کرنے کیلئے آمادہ نہیں۔ اسلحہ کے زور پر قوموں کے جذبہ آزادی کو نہیں کچلا جا سکتا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کو یہ حقیقت بھی سمجھ لینی چاہیے کہ تاریخ کو اندھا نہیں کیا جا سکتا۔ مقبوضہ کشمیر کی یہ تحریک آزادی مقامی اور ہر طرح کی بیرونی مداخلت کے بغیر آگے بڑھ رہی ہے۔