برطانوی بحریہ کی تحویل میں ایران کے آئل ٹینکر کے عملے کے تمام ارکان ضمانت پر رہا

ہفتہ 13 جولائی 2019 19:43

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2019ء) شام کو غیر قانونی طور پر خام تیل کی فراہمی کے الزام میں برطانوی بحریہ کی تحویل میں ایران کے آئل ٹینکر کے عملے کے تمام ارکان کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے زیر انتظام بحری علاقے جبرالٹر سے ایک ہفتہ قبل تحویل میں لیے گئے ایرانی آئل ٹینکر کے عملے کے چاروں ارکان کو رہا کردیا گیا ہے۔

قبل ازیں ٹینکر کے کپتان اور چیف آفیسر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں عملے کے باقی 2 ارکان کو بھی حراست میں لے لیا گیا تھا، عملے کے چاروں ارکان بھارتی شہری ہیں اور تا حال کسی پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی تاہم نئی پیشرفت میں بغیر کوئی وجہ بتائے چاروں ارکان کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ عملے کی رہائی میں بھارتی حکومت کے دبائوکو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔جبرالٹر پولیس کا کہنا ہے کہ عملے کے چاروں ارکان کو ضمانت پر رہا کیا جا رہا ہے تاہم آئل ٹینکر کو تحقیقات مکمل ہونے تک تحویل میں ہی رکھا جائے گا۔ عملے کے ارکان کو مشروط شرائط پر انسانی ہمدردی کے تحت عارضی طور پر رہا کیا گیا ہے تاہم پولیس نے شرائط سے متعلق میڈیا کو تفصیلات نہیں بتائیں۔