روشن خیالی کے نام پر دنیا میں اندھیروں کا راج نافذ ہے،جماعت اسلامی سندھ

ہفتہ 13 جولائی 2019 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جولائی2019ء) جماعت اسلامی سندھ کے تحت ہونے والی امیدوارن رکنیت کے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی نائب امیر راشد نسیم نے کہا ہے کہ ہے کہ قرآن پاک حضورؐ کا سب سے بڑا معجزہ ہے، اسلئے کفار کہتے تھے کہ نہ قرآن سنو اور نہ سننے دو، آج دنیا میں موسیقی، ناچ گانا اور دیگر خرافات کی اصل وجہ بھی یہی ہے کہ لوگوں کو قرآن کی دعوت سے دور رکھا جائے، ساری دنیا ملکر بھی قرآن کے نور کو اس دنیا سے ختم نہیں کرسکتی،مسلمانوں کا قرآن سے دوری اور قرآن کی دعوت سے تعلق ایک رسم بن کر رہ گیا ہے،قرآن سے خود کو جوڑنا اور اسکی ہدایات پر عمل کرنے سے انسانیت کے دکھ ختم اور دنیا اندھیروں سے روشنی اور دنیا سے ظلم وجبر کے اندھیرے ختم ہونگے،روشن خیالی کے نام پر دنیا میں اندھیروں کا راج نافذ ہے،اللہ نے انسان کو دنیا میں عقل، حکمت اور دانش عطا کرکے دنیا میں اپنا قائم مقام اور خلیفہ مقرر کیا تاکہ انسان کو انسانوں کی بندگی سے نکال کر اللہ کی بندگی اور خلافت قائم کرکے اللہ کا نظام قائم کرے، انسان اشرف المخلوقات ہے جس کو انسانی ہاتھوں سے بنائے ہوئے قوانین اور رسم ورواج نے درندہ بناکر رکھ دیا ہے، انسان کو اپنا مقام اور مرتبہ جاننا ہوگا اور دنیا میں اللہ کی حکمرانی قائم کرنے کیلئے بہت بڑی جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی کے کارکنان کی تمام تر جدوجہد کا مقصد خالص اللہ کی رضا حاصل کرنا ہے، دنیا میں ایک بار پھر خلافت راشدہ کا احیاء ہونے کو ہے، ظلم اور جبر کا یہ نظام جلد ختم ہوگا،مصر، شام، یمن، بنگلادیش اور افغانستان میں مسلمانوں پر کفار اور انکے حواریوں کے مظالم کے مقابلے میں اہل حق کی ثابت قدمی نے صحابہ کرام کی یادیں تازہ کردیں ہیں جس سے کفر کا نظام لرزہ براندام ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ رکن جماعت معاشرے میں بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے، رکن بننے والے افراد کی تربیت کرنا ہم پر فرض ہے، دنیا میں اخلاقیات سمیت ہر شعبے میں بلندی اور آخرت میں اعلیٰ درجے پر فائز ہونے کیلئے اسلامی احکامات اور سنت نبوی پر عمل کرنا لازمی ہے، دنیا میں وہی لوگ کامیابی حاصل کرتے ہیں جو نظم وضبط کے پابند ہوتے ہیں، اللہ کی رضا ہوگی تو جنت بھی ہمارا مقدر ہوگی،امیدواران رکنیت کی یہ تربیت گاہ دراصل رکن جماعت بننے کیلئے جمپ کا کام کرتی ہے۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک اور جنت کی طرف قدم بڑھانے کا ذریعہ ہے،رکن جماعت اپنی صلاحیتوں، مال اور جان کو اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے وقف کرتے ہیں،آخرت کی یاددہانی پیش نظر ہو تو منزل اسان ہوجاتی ہے،اسلامی نظام کو نافذ کرنے کے ذریعے اللہ کی رضا، جنت کا حصول اور دوزخ کی آگ سے بچنا ہمارا مقصد حیات ہونا چاہئے، دنیا دارالجزا نہیں بلکہ دارالاامتحان ہے،مغرب کو اسلام پسند جمہوری تنظیموں کا الیکشن کے ذریعے جیت اور جمہوری اقتدار قبول نہیں اسلئے مصر، الجزائر،سوڈان اور یمن میں اسلام کی تنظیموں کا راستہ روک کر ان پر فوج اور بادشاہت کا بدترین جبر اور ظلم کا نظام مسلط کردیا گیا ہے۔

جماعت اسلامی کوئی مسلکی، لسانی یا موروثیت پر یقین رکھنے والی جماعت نہیں بلکہ ہم زمینی خدائوں کی حکمرانی کے خاتمے اور انسان کو انسان کی بندگی سے نجات دلانے کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں،سود،جبر،ظلم کے نظام کیخلاف اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہماری اولین ذمہ داری ہے،ہمیں اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام قائم کرنے کیلئے اپنی جدوجہد کو مزید تیز کرنا ہوگا،زندگی اللہ کی عظیم نعمت ہے، دنیا میں مہلت ختم ہونے سے پہلے اللہ کی مکمل بندگی اختیار کرنے میں ہی دنیا اور آخرت کی کامیابی کا راز مضمر ہے۔