جج کی ویڈیو نے ملک کے باوقار ادارے پر سنجیدہ سوالات اٹھا دیئے ،اے این پی

عدلیہ کی آزادی کیلئے سیاسی جماعتوں، وکلاء نے قربانیاں دیں،آج پھر وہ متنازعہ ہوتی جارہی ہے،اصغر خان اچکزئی، ملک انعام کاکڑ،عثمان اچکزئی و دیگر رہنمائوں کا خطاب

ہفتہ 13 جولائی 2019 22:34

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جولائی2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ جج کی ویڈیو نے ملک کے باوقار ادارے پر سنجیدہ سوالات اٹھا دیئے ،عدلیہ کی آزادی کیلئے سیاسی جماعتوں، وکلاء نے قربانیاں دیں،آج پھر وہ متنازعہ ہوتی جارہی ہے، پشتونوں سمیت تمام اقوام کو ان کے وسائل پر اختیار اور تمام حقوق دیئے جائیں ، قربانیاں ، قیدو بند ، جلا وطنی اور دیگر مصائب نے نہ کل ہمارا راستہ روکا نہ ہی آئندہ ہم قومی ترقی اورخوشحالی کے لئے مصائب اور مشکلات کو خاطر میں لائیں گے،بابڑہ کے شہداء سے لے کر سانحہ کچلاک کے شہداء تک پشتون قومی حقوق کے لئے عوامی نیشنل پارٹی کی قربانیوں کا پلڑا بھاری ہے او ر ہمیشہ بھاری رہے گا۔

ان خیالات کااظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و صوبائی پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی ، پشتون ایس ایف کے صوبائی صدر ملک انعام کاکڑ ،مرکزی نائب صدر ملک عثمان اچکزئی ،پی ایس ایف کے صوبائی جنرل سیکرٹری سنگین ملک مہترزئی، شاہ محمود اور دیگر مقررین نے گزشتہ روز شہید قاسم خان مہترزئی ، شہید محبت خان اور سانحہ کچلاک کے دیگر شہداء کی یاد میں کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

مقررین نے سانحہ کچلاک کے شہداء کو ان کی ساتویں برسی پر بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پشتون قومی تحریک اور پشتونوں کے قومی مسائل کے حل کے لئے عوامی نیشنل پارٹی کے اکابرین نے فخرا فغان باچاخان سے لے کر اب تک جو قربانیاں دیں وہ تاریخ کاناقابل فراموش باب ہے اس راستے میں قربانیوں ، قیدو بند اور جلا وطنی سے لے کر دیگر مصائب ومشکلات کے حوالے سے عوامی نیشنل پارٹی کا پلڑا سب زیادہ بھاری ہے اور ہمیشہ بھاری رہے گا ہمارے اکابرین نے پشتونوں کی خوشحالی ، ترقی اور ان کے حقوق کے حصول کے لئے جو جدوجہد کی اس میں قید و بند اور جلا وطنی سے لے کرجانوں کی قربانی تک سب کچھ شامل ہے ہمارے اکابرین نے اپنے گھر بار ، بچے اور وطن تک چھوڑ کر جلا وطنی کی مشکلات برداشت کیں لیکن ہر آمر اور سو ل ڈکٹیٹر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی بار ہا کہا ہے آج بھی ببانگ دہل کہتے ہیں کہ ہم کسی کی ڈکٹیشن نہ قبول کرسکتے ہیں نہ ہی قبو ل کریں گے اس وقت ملک میں ایک مخصوص مائنڈ سیٹ کی کامیابی اور ہر چیز کو اس کے تابع کرنے کا جو عمل جاری ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اداروں میں مداخلت کی جارہی ہے حتیٰ کہ وہ عدلیہ جس کے لئے عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں اور قائدین سمیت دیگر جمہوری قوتوں ، وکلاء برادری ، 12مئی کے کراچی کے شہداء نے قربانیاں دیں وہ عدلیہ متنازعہ ہوتی جارہی ہے جو ویڈیوز آرہی ہیں وہ ہر حوالے سے قابل مذمت اور باعث تشویش ہیں کیونکہ ان کی وجہ سے ملک کے ایک سنجیدہ ، باوقار اور بظاہر آزاد دکھائی دینے والے ادارے پر سنجیدہ نوعیت کے سوالات اٹھ رہے ہیں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک میں جمہوریت و جمہوری اداروں کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں اداروں میں مداخلت کا نتیجہ انتہائی خطرناک ہوگا یہ سلسلہ ختم کرتے ہوئے ملک میں آباد تمام قومیتوں کو برابر کے حقوق دیئے جائیں پشتونوں سمیت تمام اقوام کوا ن کے وسائل پر اختیار دیا جائے اور انہیں وہ تمام حقوق دیئے جائیں جو ملک کے بالادست طبقات اور اشرافیہ کو حاصل ہیں اس حوالے سے عوامی نیشنل پارٹی کل بھی صف اول میں موجود تھی آج بھی صف اول میں کھڑی ہے اور آنے والے کل میں بھی پشتونوں کو مایوس نہیں کر ے گی ۔

انہوںنے کہا کہ اس وقت ملک میں وفاقی حکومت کے عوام دشمن اقدامات اور پالیسیوں کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات بڑھتی چلی جارہی ہے عوام دشمن وفاقی حکومت کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی مرکز سے لے کر صوبوں تک فعال کردار ادا کررہی ہے ۔ کارکن پچیس جولائی کو کوئٹہ میں آل پارٹیز کے زیراہتمام منعقد ہونے والے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ وفاقی حکومت کے عوام دشمن اقدامات کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ آج شہید قاسم خان مہترزئی ، شہید محبت خان اور سانحہ کچلاک کے شہداء کی ساتویں برسی ہے اس سے پہلے اور اس کے بعد بھی اے این پی کو پشتونوں کی حقیقی نمائندگی کی پاداش میں قتل عام کا سامنا کرنا پڑا 1948ء میں سانحہ بابڑا کے سینکڑوں شہداء سے سے لے کر23اگست1990ء کے شہداء پشتون ایس ایف ، شہید بشیر بلور ، میاں راشد حسین ، ہارون بلو ر ، حاجی جیلانی خان اچکزئی اور سانحہ 8اگست کے شہداء سمیت دیگر واقعات میں ہمارے سینکڑوں نہیں ہزاروں اکابرین ، رہنماء اور کارکنوں نے جانوں کی قربانیاں دیںہماری تاریخ قربانیوں سے بھری ہے اور ناقابل فراموش ہے جس سے بچہ بچہ واقف ہے ۔

مقررین نے سانحہ کچلاک کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پشتونوں کے لئے ان کی قربانیاں اور جدوجہد مشعل راہ ہے پارٹی اپنے شہداء کو کبھی نہیں بھولے گی اور ان کی یاد مناکر نئی نسل کو ان کی قربانیوں اور جدوجہد سے آگاہ کرتی رہے گی ۔