بھارت میں چھ ماہ کے دوران 24 ہزار بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی

مودی حکومت کا ’بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ‘ نعرہ کھوکھلا ثابت

اتوار 14 جولائی 2019 10:40

بھارت میں چھ ماہ کے دوران 24 ہزار بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی
نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2019ء) بھارت کی سیاسی جماعت کانگریس نے پچھلے 6 ماہ کے دوران ملک میں 24ہزار سے زیادہ بچیو ں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ ’بیٹی پڑھاؤ بیٹی بچاؤ‘کی بات کرنے والی بھارتیہ جنتاپارٹی حکومت کو بتانا چاہیے کہ ان مجرمانہ واقعات پرقابوپانے میں وہ ناکام کیوں رہی ہے۔

(جاری ہے)

کانگریس کے شعبہ میڈیا کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے ہفتے کو یہاں جاری ایک بیان میں کہاکہ مودی حکومت کا ’بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ‘کانعرہ کھوکھلا ثابت ہوگیا اور بی جے پی کی قیادت میں حکومت بچیوں کے تئیں ہونے والی جنسی زیادتیوں کو روکنے میں ناکام ہورہی ہے۔انھوں نے کہاکہ بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بے حس بی جے پی حکومت کوئی قدم نہیں اٹھارہی اس لیے ملک کی عدالت عظمی نے اس معاملے کا ازخود نوٹس لیاہے۔عدالت کے ذریعے جمع کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق اس سال یکم جنوری سے 30 جون تک 24 ہزار 212 بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتیاں ہوئی ہیں،ان میں سے صرف 911 معاملوں کونمٹایاگیاہے۔