راولپنڈی ‘رتہ امرال کی حدود میں پولیس اہلکار رہائشیوں کیلئے وبال بن گئے

رتہ امرال پولیس سٹیشن کے اہلکار سرشام سڑکوں اور گلیوں میں نکل پڑتے ہیں اور لوگوں سے پیسے بٹورتے ہیں‘ شہری پھٹ پڑے

اتوار 14 جولائی 2019 12:55

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2019ء) پولیس سٹیشن رتہ امرال کی حدود کے رہائشی سینکڑوں لوگوں نے آر پی او اور سی پی او سمیت دیگر اعلی متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انہیں پولیس اہلکاروں کے شر سے محفوظ کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں ․ ڈھوک حسو ،رتہ امرال اور ارد گرد کے رہائشی لوگوں نے اپنے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ رتہ امرال پولیس سٹیشن کے اہلکار سر شام پوری تیاری کرکے سڑکوں اور گلیوں میں نکل پڑتے ہیں اور ہر آنے جانے والے کو خوف زدہ کرکے ان سے پیسے بٹور لیتے ہیں ․ انہو ںنے کہا کہ اس پولیس گردی کی وجہ سے ہم لوگ بہت زیادہ پریشان ہیںکیونکہ پولیس ہمارے کام کرنے والے افراد بالخصوص نوجوانوں کو بے جا تنگ کرتی ہے جبکہ علاقے میں جرائم کی شرح ایک تسلسل کے ساتھ بڑھ رہی ہے ․ انہوں نے کہا کہ عمران شاہ نامی اے ایس آئی ان تمام غیر قانونی سرگرمیوں کا سرخیل ہے جو پیسے جمع کرنے کی غرض سے نوجوانوں پر بے تکے اور جھوٹے الزامات لگا کر انہیں تھانے میں بند کرنے کی دھمکیاں دیتا اور رشوت وصول کرتا ہے ․ شہریوں نے پولیس سربراہان سے کہا ہے کہ ان کاجینا مشکل ہو رہا ہے کیونکہ تھانے کی پولیس جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کی بجائے خود ان سے ملی ہوئی ہے اور مجرموں کو کھلی چھٹی دے کر خود بھی عوام کا معاشی ، ذہنی اور جسمانی استحصال کر رہی ہے جس کا فوری نوٹس لیا جائے ․ انہوں نے کہا کہ اگر اصلاح احوال کے لئے فوری اقدامات نہ کئے گئے تو رتہ امرال ، ڈھوک حسو اور دیگر ملحقہ علاقوں کے لوگ جمع ہو کر آرپی او اور سی پی او دفاتر کے باہر دھرنا دیں گے اور احتجاج کریں گے -

متعلقہ عنوان :