حکومت گزشتہ مالی سال میں بر آمدات کے ہدف سے 5.03 ارب ڈالر پیچھے رہی ‘ رپورٹ

درآمدات 9.86 فیصد کم ہوکر گزشتہ مالی سال کے 60.79 ارب ڈالر کے مقابلے میں 54.79 ارب ڈالر رہیں

اتوار 14 جولائی 2019 12:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2019ء) پاکستان کے ادارہ شماریات کے مطابق حکومت مالی سال 19-2018 میں بر آمدات کے ہدف سے 5.03 ارب ڈالر پیچھے رہی تاہم درآمدات میں کمی کے ہدف کو حاصل کرنے میںکامیاب رہی ۔رپورٹ کے مطابق جون کے مہینے میں ختم ہونے والے مالی سال میں بر آمدات میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں ایک فیصد کمی آئی جو 22.91 ارب ڈالر رہی جبکہ حکومت کی جانب سے 28 ارب ڈالر کا ہدف طے کیا گیا تھا۔

حکومت کو آمدنی بڑھانے کے لیے بر آمدات کے شعبے میں ٹیکس چھوٹ دئیے جانے کے باوجود ہدف حاصل کرنے میں ناکامی کا سامنا رہا۔کامرس ڈویژن کا کہنا ہے کہ معاشی ترقی میں سست روی، یورپی یونین میں جاری تنازع اور امریکا-چین تجارتی کشیدگی کے وجہ سے ہوا ہے۔مہینوں کے حساب سے اگر دیکھا جائے تو جون کے مہینے میں بر آمدات 8.77 فیصد کم ہوکر 1.71 ارب ڈالر رہی جو گزشتہ سال اس ہی مہینے میں 1.88 ارب ڈالر تھی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب حکومت اپنے درآمدات کے ہدف کو حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔درآمدات 9.86 فیصد کم ہوکر گزشتہ مالی سال کے 60.79 ارب ڈالر کے مقابلے میں 54.79 ارب ڈالر رہیں۔فرنس آئل، مشینری، برقی ساز و سامان، پام آئل، ٹیکسٹائل کی درآمدات میں کمی سے مجموعی اثرات سامنے آئے۔درآمدات میں کمی کی وجہ سے حکومت کا تجارتی خسارہ 15.33 فیصد کم ہوگیا جو گزشتہ سال 37.58 ارب ڈالر تھا اور اس سال 31.82 ارب ڈالر رہا۔خسارے میں کمی کی ایک اور اہم وجہ روپے کی قدر میں کمی اور بر آمدات کے شعبے کو ٹیکس چھوٹ کی پیشکش بھی رہی۔