موبائل فون ری چارج پر ٹیکس کم کر دیا گیا

اب 100روپے کے ری چارج پر 76کی بجائے 89روپے ملیں گے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 14 جولائی 2019 13:35

موبائل فون ری چارج پر ٹیکس کم کر دیا گیا
اسلام آباد (اردواپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جولائی2019) موبائل فون ری چارج پر ٹیکس کم کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اب 100روپے کے ری چارج پر 76کی بجائے 89روپے ملیں گے۔ ابھی تک حکومت کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی تاہم صارفین نے بتایا ہے کہ 100روپے کے ری چارج پر 89روپے کا بیلس موصول ہو رہا ہے جبکہ جنوری میں 26فیصد ٹیکس لگنے کے بعد 100روپے کے ری چارج پر 76روپے موصول ہو رہے تھے۔

یاد رہے کہ عدالت نے موبائل فون پر ٹیکس ختم کیا تھا اور صارفین نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو خوب سراہا بھی تھا۔تاہم بعد میں سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے جاتے ہی عوام کی موجیں ختم ہو گئی تھیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال جون میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں موبائل فون کارڈز پر ٹیکس کٹوتی کے خلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت کی تھی۔

(جاری ہے)

جس کے بعد سپریم کورٹ نے موبائل کارڈز پر سروس چارجز ود ہولڈنگ ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی کو معطل کر دیا تھا ۔ کیس کی دوران سماعت اے جی پنجاب نے کہا کہ سروس چارجز ختم کرنے سے پنجاب کو ہر ماہ 2 ارب روپے کا نقصان ہے۔عدالت نے کہا کہ اگر آپ غلط ٹیکس لے رہے تھے تو یہ نقصان نہیں ہے اور ٹیکس ختم کر دیا گیا لیکن جنوری میں دوبارہ 26فیصد ٹیکس لگا دیا گیا تاہم اب یہ ٹیکس کم کر کے 11فیصد کر دیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے کسی اطلاع کے بغیر ہی یہ ٹیکس کم کر دیا گیا ہے اور موبائل فون صارفین نے اسے سراہا ہے ہے۔ اب 100روپے کے ری چارج پر 89روپے کا بیلس موصول ہو رہا ہے۔