چترال، بیٹے کا مفت علاج کروانے پر آرمی چیف کا شکریہ

اتوار 14 جولائی 2019 14:10

چترال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2019ء) چترال کے تاریحی قصبے دروش کے ریٹائرڈ صوبیدار شہاب الدین نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور کور کمانڈر پشاور لفٹنٹ جنرل شاہین مظہر محمود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان کے معصوم بچے کی پکار پر اس کا مفت علاج کروایا۔ شہاب الدین نے مقامی صحافیوں کو بتایا کہ میرے معصوم بیٹے محمد عثمان کی انگلی ٹوٹ چکی تھی جسے دروش ہسپتال لے گیا تھا مگر وہاں اس کا علاج صحیح نہ ہوسکا بلکہ الٹا مزید خراب ہوگیا بعد میں اسے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چترال بھی لایا مگر یہاں بھی کوئی آرتھوپیڈک (ہڈیوں کا ڈاکٹر) نہ ہونے کی وجہ سے اس کا علاج نہ ہوسکا۔

بعد میں اسے پشاور لے گیا جہاں آرتھوپیڈک سرجن نے انکشاف کیا کہ اس کا غلط علاج ہوا ہے اور بچے کے معذور ہونے کا خطرہ ہے، اس کے بعد میں نے چترال پریس کلب میں پریس کانفرنس بھی کی۔

(جاری ہے)

میں نے چیف آف آرمی سٹاف اور کور کمانڈر پشاور سے اپیل کی تھی کہ وہ میرے بیٹے کا سی ایم ایچ پشاور میں مفت علاج کرائیں۔ شہاب الدین نے سیاسی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک چترال میں ایک آرتھوپیڈک سرجن کیوں نہیں ہے اور دروش ہسپتال کا تو خدا ہی حافظ کیونکہ وہاں کئی اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی آسامیاں کافی عرصے سے حالی ہیں مگر سیاسی قیادت نے ابھی تک اس مسئلے کی حل کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔