ہواوے کو ٹیکنالوجی مصنوعات کی فروخت کے لیے امریکی کمپنیوں کو لائسنس جلد جاری کیے جائیں گے، امریکی وزیر تجارت

پیر 15 جولائی 2019 12:30

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2019ء) امریکی وزیر تجارت ولبر روز نے کہاہے کہ چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے کو ٹیکنالوجی مصنوعات کی فروخت کے دوبارہ آغاز کے لیے ملکی کمپنیوں کو لائسنس دوہفتوں کے اندر جاری کردیے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک بیان میں کیا۔دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی ہواوے کو مئی میں اس فہرست میں شامل کیا گیا تھا جس میں درج کمپنیوں کو امریکی مصنوعات اور خدمات اس وقت فراہم نہیں کی جاسکتیں جب تک وہ لائسنس حاصل نہ کرلیں۔

ولبر روز نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد اس بات کا اعلان کیاتھا کہ امریکی کمپنیاں ہواوے کو اپنی مصنوعات فروخت کرسکتی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کا تحفظ پیش نظر رکھ کر ان کمپنیوں کو ہواوے کو مصنوعات کی فراہمی بارے لائسنس انھی دنوں میں جاری کردیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس حکومتی فیصلے اور وزارت تجارت کے فوری اقدامات کے نتیجے میں ہواوے کو ٹیکنالوجی مصنوعات کی فروخت جلد شروع ہوجائے گی۔

رائٹرز کے مطابق امریکی وزیر تجارت ولبر روز کے بیان کے بعد ہواوے کو چپ سپلائی کرنے والی دو امریکی چپ ساز کمپنیوں نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ مزید لائسنس اپلائی کریں گی۔یاد رہے کہ ہواوے نے 2018 ء کے دوران پرزہ جات کی خریداری پر 70 ارب ڈالر خرچ کیے جن میں سے 11 ارب ڈالر کے پرزے امریکی فرم کوالکام اور مکرون ٹیکنالوجی سے خریدے گئے۔