آصف علی زرداری کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

آصفہ بھٹو کی والد سے ملاقات کی درخواست پر عدالت نے علیحدگی میں ملاقات کی اجازت دیدی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 15 جولائی 2019 13:04

آصف علی زرداری کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 جولائی۔2019ء) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے. متنازعہ ویڈیو کے معاملے پر جج ارشد ملک کو کام سے روکے جانے کے باعث احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی‘دوران سماعت نیب کی جانب سے آصف زرداری کے مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی.

نیب پراسیکیورٹر نے کہا کہ آصف زرداری پروڈکشن آرڈرز پر قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرتے ہیں جس سے تفتیش متاثر ہوتی ہے. عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے آصف زرداری کے ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے 29 جولائی کو انہیں دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا‘عدالت میں آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو کی والد سے ملاقات کی درخواست پر عدالت نے منگل کے روز والد سے علیحدگی میں ملاقات کی بھی اجازت دے دی.

واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے 6 جولائی کو حسین لوائی سمیت 3 اہم بینکرز کو منی لانڈرنگ کے الزامات میں حراست میں لیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

حسین لوائی اور دیگر کے خلاف درج ایف آئی آر میں اہم انکشاف سامنے آیا تھا جس کے مطابق اس کیس میں بڑی سیاسی اور کاروباری شخصیات کے نام شامل تھے. ایف آئی آر کے مندرجات میں منی لانڈرنگ سے فائدہ اٹھانے والی آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی کمپنی کا ذکر بھی تھا، اس کے علاوہ یہ بھی ذکر تھا کہ زرداری گروپ نے ڈیڑھ کروڑ کی منی لانڈرنگ کی رقم وصول کی.

ایف آئی آر کے متن میں منی لانڈرنگ سے فائدہ اٹھانے والی کمپنیوں اور افراد کو سمن جاری کیا گیا جبکہ فائدہ اٹھانے والے افراد اور کمپنیوں سے وضاحت بھی طلب کی گئی تھی. ایف آئی آر کے متن میں مزید کہا گیا تھا کہ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ 6 مارچ 2014 سے 12 جنوری 2015 تک کی گئی جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے آصف زرداری اور فریال تالپور کو مفرور بھی قرار دیا گیا تھا‘جس کے بعد جعلی اکاﺅنٹس کیس اور 35 ارب روپے کی فرضی لین دین سے متعلق کیس میں ایف آئی اے کی درخواست پر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا.

علاوہ ازیں 35 ارب روپے کے جعلی اکاﺅنٹس کیس میں 15 اگست کو ایف آئی اے نے اومنی گروپ کے چیئرمین انور مجید اور عبدالغنی مجید کو گرفتار کرلیا تھا لیکن ملزمان کی جانب سے صحت کی خرابی کا دعویٰ کیا گیا تھا. 10 جون کو نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جعلی اکاﺅنٹس کیس میں درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد آصف علی زرداری کو زرداری ہاﺅس اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا.