مزدور پیشہ فلسطینیوں کے خلاف حکومتی اقدامات،لبنان میں احتجاجی مظاہرے

مظاہرے میں فلسطینی پناہ گزینوں کے ساتھ سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی بڑی تعداد کی بھی شرکت

پیر 15 جولائی 2019 16:55

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2019ء) لبنان میں فلسطینی پناہ گزین مزدور پیشہ افراد اور لیبر کے حوالے سے حکومت کی جانب سے کیے گئے بعض قدامات پر لبنان کے شہروں صیدا اور عین الحلوہ میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین میں فلسطینی پناہ گزینوں کے ساتھ سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صیدا شہر میں فلسطینی مزدورں کی حمایت میں ایک کار ریلی نکالی گئی جب کہ عین الحلوہ پناہ گزین کیمپ میں بھی ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے اور کار ریلی میں شریک فلسطینیوںنے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم، بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔ ان پر فلسطینی لیبرکی حمایت اور ان کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کے خلاف شدید نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے لبنانی حکومت کی طرف سے فلسطینی مزدوروں کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کو ظالمانہ اور نسل پرستانہ قرار دیا اور فلسطینی پناہ گزینوں کو ان کے منصفانہ حقوق کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔مظاہرین نے لبنانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی پناہ گزین ورکرز کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات اور فیصلے واپس لے۔سوشل میڈیا پر بھی لبنانی حکومت کے فیصلوں کی شدید مذمت اور ان پر کڑی تنقید کرتیہوئے ان اقدامات کو امریکا کے فلسطینیوں کے خلاف تیار کردہ سازشی منصوبے صدی کی ڈیل کوآگے بڑھانے کے مترادف قراردیا۔