القدس، غرب اردن میں صہیونی فوج کا وحشیانہ کریک ڈاون،19 فلسطینی گرفتار

نو فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ان میں سے بعض اسرائیلی فوج کو مزاحمتی کارروائیوں میں مطلوب تھے،صیہونی فورسز

پیر 15 جولائی 2019 16:55

رام اللہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2019ء) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں پیر کو اسرائیلی فوج نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 19 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد حراستی مراکز منتقل کردیا ہے۔ گرفتار کیے گئے شہریوں میں سابق اسیران، نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بھی شامل ہیں۔ادھر اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غرب اردن سے 9 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ان میں سے بعض اسرائیلی فوج کو مزاحمتی کارروائیوں میں مطلوب تھے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں ام سلمونہ کے مقام پر تلاشی کے دوران اسلحہ قبضے میں لینے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ادھر بیت لحم میں اسرائیلی فوجیوں پر فلسطینیوںکی طرف سے پٹرول بم پھنیکے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج نے پٹرول بم پھینکنے والے متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

بیت لحم کے مغربی علاقے بیت جالا اور کریمزان میں بھی فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کیدرمیان جھڑپیں ہوئیں۔ اس دوران اسرائیلی فوجیوں نے ھانی فرسان بشارات اورلیث عصام عواد کو ایک گاڑی سے اتار کر حراست میں لے لیا۔ مشرقی بیت لحم میں ایک کارروائی کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے 25 سالہ شروق محمد موسیٰ البدن اور 17 سالہ روان ابو سنینہ کو حراست میں لے لیا۔

غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ کے کفر عین تلاشی کے دوران مروان امین العیس، مشرقی نابلس میں سالم کیمقام سے خالد عاکف عوض اور جنوبی جنین کے علاقے قباطیہ سے امین عارف صمادی، احمد عصام محمود ابو الرب اور محمد سامی مشارقہ کو حراست میں لیا گیا۔بیت المقدس میں فلسطینی اسیران کمیٹی کے چیرمین نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے سابق اسیران احمد غزالہ، عمیرہ عمیرہ، عبیدہ عمیرہ، محمد ابراہیم دویات، محمد ماھر الکرکی اور مامون الرازم کو حراست میں لے لیا۔