کمیونٹی سینٹر سے حاجی سکھیو گوٹھ کے متوسط اور غریب عوام مستفید ہوںگے، جان محمد بلوچ چیئرمین بلدیہ ملیر

پیر 15 جولائی 2019 18:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2019ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ حاجی سکھیو گوٹھ کی عوام کیلئے کمیونٹی سینٹر بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے تحفہ ہے حکومت سندھ خاص طور پر وزیر اعلیٰ سیدمراد علی شاہ غریب عوام کوتعلیم فراہم کرنے کیلئے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیںاور سماجی کارکن بھی عوام کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے خدمات فراہم کرنے میں پیش پیش ہیں، کمیونٹی سینٹر دیگر خدمات کے علاوہ طلبا و طالبات ، نوجوانوں اور ہر عمر کے افراد بلخصوص خواتین کو بہتر تعلیم و ہنرکے مواقع فراہم کر رہے ہیں ، خواتین کا تعلیم یافتہ ہونا مہذب معاشرے اور بچوں کو ذہنی طور پر جدید معاشرے سے ہم آہنگ کرنے کیلئے نہایت ضروری ہے، عورت تعلیم یافتہ ہوگی تو ضرورت پڑنے پر باعزت روزگار کے ذریعے اپنے خاندان کو بہتر مدد فراہم کر سکتی ہے، حاجی سکھیو گوٹھ کمیونٹی سینٹرکے جلد ازجلد تعمیراتی کام مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں تاکہ عوام جلد از جلد فائدہ اٹھا سکیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو سی 12 غریب آبادحاجی سکھیو گوٹھ کمیونٹی سینٹرکے تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرسپرٹنڈنٹ انجینیئر نصراللہ میمن ، اقبال ڈاہری اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔ چیئرمین بلدیہ ملیر نے متعلقہ افسران اور علاقائی معززین کے ہمراہ کمیونٹی سینٹرکے منصوبے پر جاری ترقیاتی کام کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے ہدایات دیں اور کہا کہ جلد از جلدتعمیراتی کام مکمل کیا جائے ،چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ سے یو سی کے بلدیاتی نمائندوں نے کمیونٹی سینٹر کی تعمیر پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کمیونٹی سینٹر کی تکمیل سے سماجی اداروں کی حوصلہ افزائی ہوگی، آج سے پہلے کسی نے بھی حاجی سکھیو گوٹھ کی عوام کیلئے اتنا بڑاکام نہیں کیااس سینٹر کے قیام سے گوٹھ کے غریب متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ مستفید ہوںگے،واضح رہے کہ کمیونٹی سینٹرمیں انگلش لینگویج کلاسز، کمپیوٹر کورس ،لائبریری اور ملٹی میڈیا کلاسز ، خواتین کو سلائی کڑائی کا ہنر بھی سکھایا جائے گا۔