ایم ایل ون 8.2ارب ڈالر مالیت کا بڑا پراجیکٹ ہے،نالہ لئی ایکسپریس وے بہت جلد بنے گی،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی گفتگو

پیر 15 جولائی 2019 18:45

ایم ایل ون 8.2ارب ڈالر مالیت کا بڑا پراجیکٹ ہے،نالہ لئی ایکسپریس وے بہت ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ن لیگ اللہ کی طرف سے پکڑ میں ہے ،ان کو اس حال میں مریم نے پہنچایا ،سب کا احتساب ہو گا ،نالہ لئی ایکسپریس وے بہت جلد بنے گی جس سے راولپنڈی کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے پیر کو نالہ لئی پر لئی ایکسپریس وے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ پارلیمانی سیکرٹری برائے انسداد منشیات شیخ راشد شفیق ،ایم ڈی واسا محمد تنویر ،ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد علی رندھاوا ،اے سی سٹی نعیم افضل سمیت دیگر انتظامی عہدیداران بھی موجود تھے ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ راولپنڈی اور لاہور کے مابین فاصلہ کم کرنے کے لیے کالووال سے جہلم تک ریلوے ٹریک کے 56کلومیٹر کے غیر ضروری موڑ ختم کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد نے کہاکہ قبل ازیں لئی ایکسپریس وے عمار چوک چکلالہ تک تعمیر کی تجویز تھی تاھم زیادہ سے زیادہ شہری آبادی کو مستفید کرنے کے لیے اب اسے سواں پل تک 23کلومیٹر توسیع کر دی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ لئی ایکسپریس وے کی تعمیر سے شہریوں خصوصاً نالہ لئی کے اطراف رہائش پذیر مکینوں کی تقدیر بدل جائے گی کیونکہ ایکسپریس وے کے اطراف سڑک پر کمرشل تعمیرات کی اجازت بھی دے دی جائے گی ۔

اس ضمن میں پی ایم سے 14اگست کو مہربانی کرنے کی استدعا کی ہے ،بی او ٹی کی بنیاد پر پارٹیاں تیار ہیں تاھم چند مسائل درپیش ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے نئی ٹرین چلائی اس پر فخر ہی اس وقت اٹھائیس انجن کھڑے ہیں نئے انجنوں میں سی ۔کسی کا پردہ نہیں اٹھانا چاہتا،شہباز شریف پوری کوشش میں ہے اسکی اور حمزہ کی بچت ہو جائی لیکن وزیراعظم نے دو ٹوک الفاظ میں جواب دے دیا ۔

انہوں نے کہاکہ آج ہم نے نالہ لئی کو وزٹ کیا ہے، کسی وقت اس میں بہت نالے تھے آج سارا بوجھ اس پر ہی ،شہری نالہ لئی میں کوڑا کرکٹ نہ پھینکیں ،نالہ لئی کے پانی کی ٹریٹمنٹ کے لیے تین پلانٹ لگائیں گے ،راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ ،ریسکیو مکمل الرٹ ہے،کوشش ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورت کی دو گھنٹے قبل اطلاع مل جائے ،سیلابی ایمرجنسی کی صورت میں فوج اور پنجاب حکومت سے رابطے میں ہیں ،لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ، اگر زحمت ہے تو رحمت بھی بنے گا،تجاوازت کے حوالے سے سی او کارپوریشن سے بات کی ہی ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ نالہ لئی بڑا پراجیکٹ ہے جس پر 70ارب لاگت آئے گی ہو سکتا ہے 100ارب ہو جائے ۔انہوں نے کہاکہ ایم ایل ون 8.2ارب ڈالر مالیت کا بڑا پراجیکٹ ہے جسے ہم جلد سے جلد شروع کرنا چاہتے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاکہ میرے ضمیر پر کوئی بوجھ نہیں جس دن ضمیر پر بوجھ ہوا اس دن مستعفی ہو جائوں گا۔