پنجاب اسمبلی کا اجلاس‘ حمزہ شہباز اورسلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر زجاری نہ ہونے پر اپوزیشن کا ہنگامہ ‘

ڈپٹی سپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا

پیر 15 جولائی 2019 19:02

پنجاب اسمبلی کا اجلاس‘ حمزہ شہباز اورسلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر زجاری ..
لاہور۔15 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2019ء) پنجاب اسمبلی کا اجلاس اپوزیشن کے شور شرابا اور ہنگامہ آرائی کی نظر‘اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور رکن سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے پر اپوزیشن کا شدید ہنگامہ ‘ ڈپٹی سپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس پیر کے روز آدھے گھنٹے کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری کی زیر صدارت شروع ہوا۔

اجلاس کے آغاز میں ہی حمزہ شہباز اور خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آڈر کے معاملہ پر اپوزیشن رکن رانا مشہود نے کہا کہ پروڈکشن آرڈرز کا قانون اسمبلی نے متفقہ طور پر منظور کیا‘یہ ارکان کا حق ہے کہ ان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کئے جائیں‘پروڈکشن آڈر جاری نہ کئے گئے تو ہاؤس نہیں چلنے دینگے۔

(جاری ہے)

رانا مشہود نے اپوزیشن لیڈر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

انھوں نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر جاری ہونے تک ایوان نہیں چلنے دیں گے۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے کہا کہ پروڈکشن آڈر جاری کرنا اسپیکر کا اختیار ہے‘ہمارے بھی رکن سبطین خاں جیل میں ہیں، ان کے بھی پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر جاری کرنا سپیکر کا صوابدیدی اختیار ہے‘کیا نعرے مارنے کیلئے اجلاس بلایاگیا اگر نعرے مارنے ہیں تو خاموش ہوکر وقت ختم ہونے پر چلے جائیں گے‘حکومت کو اعزاز حاصل ہے پروڈکشن آرڈر قانون بنایا تو اس پر تعاون کریں گے۔

زلزلہ فنڈ میں خوردبرد نہایت ہی افسوسناک بات ہے۔جو لوگ اتنے اعلی مقام پر بیٹھے ہوتے ہیں‘وہ اپنے اختیارت کا ناجائز استعمال کرتے ہیں جس سے یہ صورتحال پیدا ہوئی۔اہم منصب پر بیٹھ کر اس طرح کی کاروائیاں کرتے ہیں‘تو پھر حقائق عوام کے سامنے آتے ہیں، ہم نے نہیں بلکہ سپریم کورٹ نے آپ کو جھوٹا قرار دیا ‘جو کچھ اخبارات میں آیا وہ راولپنڈی سے نہیں لندن سے آیا ہے ‘اگر ہم چوہان صاحب کو کھڑا کرتے ہیں تو شور شروع ہو جاتا ہے۔

اس دوران صوبائی وزیرفیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ پروڈکشن آرڈر اسی کے جاری ہوں گے جو سیاسی ورکر ہوگا، غیر مکی قرضہ کھانے والوں اورچوروں کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوتے۔ پروڈکشن آرڈر کسی چور ڈاکو یا منی لانڈرر کے جاری نہیں ہوں گے، یہ آرڈر صرف ان لوگوں کے لیے ہیں جو سیاسی قیدی ہوں۔حمزہ شہبازکے پروڈکشن آڈر جاری نہیں ہونے چاہیئں۔اس دوران اپوزیشن ارکان نے بھی بولنا شروع کر دیا اور ایوان میں شور شرابے کی کیفیت پید اہو گئی۔ ڈپٹی سپیکر نے ہنگامہ کھڑا کرنے پر اپوزیشن کو بار بار منع کیا‘باز نہ آنے پر اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔