حکومت ایک سال گزرنے کے بعد بھی اپنا ہنی مون پیریڈ سمجھ رہی ہے ‘ سراج الحق

ملک مسائل کی دلدل میں پھنس چکا ہے مگرحکمران سنجیدگی اختیار کرنے کو تیار نہیں‘ امیر جماعت اسلامی

پیر 15 جولائی 2019 20:11

حکومت ایک سال گزرنے کے بعد بھی اپنا ہنی مون پیریڈ سمجھ رہی ہے ‘ سراج ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2019ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاست کو بند گلی میں لے جانا حکومت کی ناکامی ہے ،معیشت کو ٹھیک کرنے اور مہنگائی کم کرنے کی بجائے حکومت ہروقت جنگ پر آمادہ رہتی ہے ۔ابھی تو عوام نے کوئی بڑا احتجاج بھی نہیں کیا اور حکومت کے اوسان خطا ہوگئے ہیں ، حکومت نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو عوام زیادہ دیر برداشت نہیں کریں گے ۔

حکومت معاشی ،تعلیمی اور صحت کی پالیسیاں تک درآمد کررہی ہے جبکہ برآمدات پر بھاری ٹیکس لگا کر ان کا راستہ روک رہی ہے ،مزدور سے تاجر اور کسان سے زمیندارتک زندگی کا ہر طبقہ مفلوج اور پریشان ہے جبکہ مڈل کلاس طبقہ تو ختم ہوکر رہ گیا ہے،وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کا کوئی ایجنڈا سامنے آیا ہے نہ اس بارے میں پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہا رانہوں نے منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اس وقت ملک پر ظلم کا نظام مسلط ہے ، گونگے بہرے حکمرانوںکو عوام کی چیخیں تو سنائی نہیں دیتیں مگر آئی ایم ایف کے احکامات پر بڑی سرعت اور فرمانبرداری سے عمل کیا جارہا ہے ۔حکومت جس دروازے پر سجدہ ریز ہے وہ خود کہہ رہے ہیں کہ ان کے پاس پاکستان کے معاشی مسائل کا کوئی حل نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اب تک حکومت آئی ایم ایف سے خفیہ معاہدے سامنے نہیںلائی۔عوام پر بھاری ٹیکسوں اور مہنگائی کا کوہ ہمالیہ لاد کر حکمران سمجھتے ہیں کہ وہ بڑے کامیاب ہیںجبکہ عوام کے صبرکا پیمانہ صبر لبریز ہوچکا ہے۔اگر عوام سڑکوں پر آگئے تو حکمرانوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کے اٹھارہ حادثات میں مسافروں کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں مگر افسوس کہ احتساب کا کوئی نظام ہے نہ کسی نے ذمہ داری قبول کی ہے ۔ ذمہ داران کے اجلاس میں لاہور، فیصل آباد،کراچی اور ملتان کے عوامی مارچ پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ راولپنڈی کا عوامی مارچ حکومت کے خلاف ایک عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔