Live Updates

10 بلین ٹری سونامی منصوبہ عمران خان کو عالمی رہنمائوں کی فہرست میں ممتاز کرنے کیلئے کافی ہے،

اس منصوبے کے اثرات عالمی ہوں گے، پاکستان موسمیاتی تغیرات سے نمٹنے کی کاوشیں کرنے والے ممالک میں سر فہرست ہے، پاکستان کا ہدف صفر کچرا کے اصول پر مبنی سرکلر اکانومی کا قیام ہے جس کا آغاز اسلام آباد سے بہت جلد کیا جائے گا وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کی فن لینڈ کے سفیر سے گفتگو

پیر 15 جولائی 2019 20:17

10 بلین ٹری سونامی منصوبہ عمران خان کو عالمی رہنمائوں کی فہرست میں ممتاز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2019ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ 10 بلین ٹری سونامی منصوبہ عمران خان کو عالمی رہنمائوں کی فہرست میں ممتاز کرنے کیلئے کافی ہے، اس منصوبے کے اثرات عالمی ہوں گے، پاکستان موسمیاتی تغیرات سے نمٹنے کی کاوشیں کرنے والے ممالک میں سر فہرست ہے۔

پاکستان کا ہدف صفر کچرا کے اصول پر مبنی سرکلر اکانومی کا قیام ہے جس کا آغاز اسلام آباد سے بہت جلد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں فن لینڈ کی ایک کمپنی تکنیکی معاونت بھی کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فن لینڈ کے سفیر سے ایک ملاقات میں کیا۔ فن لینڈ کے سفیر ہیری کامارینن نے پیر کو مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور پاکستان اور فن لینڈ کے مابین تعاون کے وسیع امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

سفیر نے بتایا کہ ان کی موجودہ حکومت موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق بہت سنجیدہ ہے اور اس ضمن میں پوری یورپی یونین میں موسمیاتی تغیرات کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے جس کے نتائج رواں سال کے آخر تک واضح ہو جائیں گے۔ یورپی یونین سے باہر پاکستان پہلا ملک ہے جس کے ساتھ فن لینڈ نے موسمیاتی تغیرات کے ایجنڈے پر مشاورت کی ہے۔ انہوں نے ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام اور جنگلات کے فروغ کے حوالے سے فنِش ٹیکنالوجی اور اہم ایجادات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے پیپٹک فائبر نامی مادہ سے تیار کردہ شاپنگ بیگ سے وزیراعظم کے مشیر کو روشناس کراتے ہوئے کہا کہ یہ تھیلی روائتی پلاسٹک کی تھیلی کی جگہ متعارف کرائی گئی ہے جو سو فیصد حیاتیاتی مواد سے تیار کردہ ہے اور بائیو ڈی گریڈ ایبل بھی ہے۔ انہوں نے نباتاتی مادہ سیلولوز سے تیار کردہ کاٹن سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ ملک امین اسلم نے فن لینڈ کی کامیابیوں پر مسرت کا اظہار کیا اور فنِش ماڈل سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ترقی پذیر ممالک میں پاکستان واحد ملک ہے جو ایک ارب ڈالر کی خطیر رقم سے 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ انہوں نے ایکو سسٹم ریسٹوریشن فنڈ اور کلین گرین منصوبہ سے بھی آگاہ کیا۔ فن لینڈ کے سفیر نے پاکستانی حکومت کے حالیہ اقدامات کی تعریف کی اور دونوں ممالک کے مابین تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ 2035 ء تک فن لینڈ کاربن نیوٹرل ہونے کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ یاد رہے کہ رواں سال اکتوبر کے پہلے ہفتے میں پاکستانی ماہرین جنگلات و موسمیاتی تغیرات کا ایک وفد فن لینڈ کا دورہ کرے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات