کراچی ،چیف ارگنائزر پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی اقبال ہاشمی کی ملک بھر کی تاجر تنظیموں کو کامیاب ہڑتال پر مبارکباد

پیر 15 جولائی 2019 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2019ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی نے ملک بھر کی تاجر تنظیموں کو کامیاب ہڑتال پر مبارکباد دی ہے اور حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ تاجروں کے بعد فلوز ملز مالکان نے بھی ہڑتال کی دھمکی دی ہے،کیا عوام بھی تیاریاں کرلیں پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کا مشورہ ہے کہ تاجر برادری اور عوام متحد ہوکر مہنگائی اور ٹیکسوں کے طوفان کا مقابلہ کریں،حکومت نے 10ماہ میں اپنی جابرانہ پالیسیوں کی وجہ سے عوام کا اعتماد کھودیا ہے۔

بجلی،گیس،پٹرول،ڈیزل،آٹا،چینی،گھی،تیل،ادویات کے ساتھ روٹی، تعلیم اور علاج معالجہ بھی مہنگا ہوگیا ہے۔ نجانے پی ٹی آئی حکومت عوام سے کس بات کا بدلہ لے رہی ہی چیرمین ایف بی آئی کہتے ہیں کہ کوئی نیا ٹیکس نہیں لگا،اگر ٹیکس نہیں لگا تو بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف حکومت عملی اقدامات کیوں نہیں کر رہی، ہر طرف سے عام آدمی پر ہی بوجھ ڈالا جارہا ہے،حکومت کو بار بار سنبھلنے کا موقع مل رہا ہے لیکن حکومت میں شامل ماضی کے لٹیرے اور آئی ایم ایف کے ایجنٹ پاکستان اور پاکستانی عوام کابھلا نہیں سوچ رہے، پی ٹی آئی کی حکومت ایسی تبدیلی لائی ہے کہ غریب عوام کے لئے جینا مشکل ہوگیا ہے، پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی عوام کا استحصال برداشت نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں اقبال ہاشمی نے مزید کہا کہ حکومت فوری طور پر مہنگائی کو کنٹرول کرے،بیانات نہیں بلکہ اشیاء کی قیمتوں میں کمی کرکے فہرستیں اخبارات کے ذریعے عوام تک پہنچائی جائیں،جن علاقوں میں مہنگی اشیاء فروخت ہورہی ہوں ان علاقوں کے مجسٹریٹ اور پرائس کنٹرول کمیٹی کے ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے، انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیجا جائے اور عوام کو ریلیف دو اور حکومت کرو کی پالیسیاں اپنائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران یہ مت بھولیں کہ یہ عوام ہی ہیں جن کی بدولت حکومت چل بھی سکتی ہے اور گر بھی سکتی ہے۔ ماضی کے حکمرانوں کی حالت سے موجودہ حکمران بھی سبق سیکھ لیں ۔#