ویرات کوہلی سے بھارتی کرکٹ ٹیم کی کپتانی واپس لیے جانے کا امکان

کوہلی کو ہٹا کر ان کے حریف روہت شرما کو ٹی ٹونٹی اور ون ڈے فارمیٹ کا کپتان مقرر کیا جائے گا، ذرائع بی سی سی آئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 15 جولائی 2019 21:24

ویرات کوہلی سے بھارتی کرکٹ ٹیم کی کپتانی واپس لیے جانے کا امکان
نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15جولائی 2019ء) ورلڈ کپ 2019 کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو کپتان کے عہدے سے ہٹادیا جائے گا اور ان کی جگہ ان کے حریف روہت شرما کو کپتان بنایا جائے گا۔بھارتی میڈیا نے انڈین کرکٹ بورڈ ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ورلڈ کپ کے فائنل فور مرحلے میں شکست کے بعد بی سی سی آئی نے کپتان ویرات کوہلی کو تبدیل کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم کے اپنے ملک پہنچتے ہی کپتان اور کوچ کو بھارتی کرکٹ بورڈ کے سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک اعلیٰ افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اگلے ورلڈ کپ کیلئے حکمت عملی بنانے کا یہ صحیح وقت ہے اور یہی وہ وقت ہے کہ ٹیم کی باگ ڈور اوپننگ بلے باز روہت شرما کے ہاتھوں میں دے دی جائے کیونکہ وہ بہترین متبادل ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ویرات کوہلی سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی لے کر یہ منسب روہت شرما کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے جبکہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت ویرات کوہلی کے پاس ہی رہے گی۔افسر نے مزید بتایا کہ سب سے بڑا مسئلہ ان افواہوں کا جائزہ لینا ہے جن میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ویرات کوہلی اور روہت شرما کے درمیان ورلڈ کپ میں دوریاں پیدا ہوگئی تھیں۔

بورڈ کی انتظامی کمیٹی کی موجودگی میں کوچ روسی شاستری، چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد اور کپتان ویرات کوہلی سے ان معاملات پر بھی بات کی جائے گی۔یاد رہے کہ ورلڈکپ 2019 ءکے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 18 رنز سے شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔ کیویز کی جانب سے دیے گئے 240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دنیا کی نمبر 1 بیٹنگ لائن 221 رنز بنا سکی تھی اور اب بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔