Live Updates

میٹرک کے امتحان میں فیل ہونے کی خبرپر پی ٹی آئی رہنما عمر فارق کا ردِ عمل سامنے آگیا

میرے انڈر میٹرک ہونے کی خبر چلتی رہی لیکن اس میں بھی کوئی اللہ کا راز ہے، مجھے کوئی نہیں جانتا تھا آج پورا پاکستان جان گیا، میں بیرونِ ملک اپنا کاروبار چھوڑ کر اس قوم کے لیے آیا ہوں اور میرا جذبہ بڑھتا جا رہا ہے:ایم پی اے عمر فاروق کا جذباتی ویڈیو پیغام

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 15 جولائی 2019 22:47

میٹرک کے امتحان میں فیل ہونے کی خبرپر پی ٹی آئی رہنما عمر فارق کا ردِ ..
فیصل آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15جولائی 2019ء) آج پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عمر فارق کے میٹرک کے امتحان میں فیل ہونے خبر سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر چلتی رہی اور اب پی ٹی آئی رہنما عمر فارق کا ردِ عمل سامنے آگیاہے۔عمر فاروق نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ میرے انڈر میٹرک ہونے کی خبر چلتی رہی، چینلز پر بریکنگ نیوز بھی چلائی جاتی رہیں لیکن اس میں بھی کوئی اللہ کا راز ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی نہیں جانتا تھا آج پورا پاکستان جان گیا، میں بیرونِ ملک اپنا کاروبار چھوڑ کر اس قوم کے لیے آیا ہوں اور میرا جذبہ بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے لوگوں کے لیے کام کرنے آیا ہوں۔ میرے اللہ نے مجھے اس کام کے لیے منتخب کیا ہے۔ عمر فاروق نے کہا کہ میں ایک مزدور کا بیٹا تھا اور آج بھی مزدور کا بیٹا کہلاتا ہوں اور میں 12سال کی عمر میں گھر سے مزدوری کرنے نکلا تھا اور پھر میں نے اپنا مقصد حاصل کر لیا لیکن میں اپنے لوگوں کے لیے اپنے وطن واپس آیا ہوں۔

(جاری ہے)

 
انہوں نے بتایا کہ جب میں الیکشن لڑنے گھر سے نکلا تھا تو میرے والد نے مجھے کہا کہ تمہیں گاوٴں والوں نے بھی ووٹ نہیں دینا لیکن میں نے کہا کہ میں اللہ کے سہارے پر نکلا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے مخالفوں کو راتوں کی نیند نہیں آتی،جو ہارے ہیں وہ میری جیت برداشت نہیں کر پا رہے اس لیے وہ مجھے بدنام کرنا چاہتے ہیں۔

عمر فاروق نے کہا کہ میں نے جب الیکشن لڑنے کے لیے کاغذات جمع کروائے تو میں نے پوری منی ٹریل دی ، میں نے اپنی تعلیمی قابلیت بھی صحیح بتائی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈگریاں ہی اکٹھی کرنی ہوتی تو میں بھی کر لیتا لیکن میرے لیے صرف ڈگری کی اہمیت نہیں ہے، میں نے بیرونِ ملک سیلف سٹڈی کی ہے اور سیکھا ہے اور اپنی زندگی کا مقصد حاصل کیا ہے۔ایم پی اے عمر فاروق نے بتایا کہ ایک روز حکومت کی جانب سے ملے کوارٹر میں بیٹھا تھا کہ چھت کے ایک حصے سے سیمنٹ نیچے گرا تو میں نے سوچا کہ میں کہاں تھا ؟ کیا تھا ؟ اور یہ کس جگہ آگیا ہوں ؟لیکن پھر مجھے خیال یہی آیا کہ میں اپنے حلقے اور قوم کے لوگوں کے لیے آیا ہوں۔

عمر فاروق نے اپنے دوستوں اور سپورٹرز سے کہا کہ یہ ہمارا امتحان ہے اور یہ گزر جائے گا ، ہم نے گھبرانا نہیں ہے، ہمیں مثبت کام کرنا ہے، اللہ ہماری امید کبھی نہیں ٹوٹنے دے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات