Live Updates

سٹاک مارکیٹ میں 17 کروڑ 45 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی

مقامی سرمایہ کاری کے علاوہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں 50 فی صد کمی ہوئی

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 16 جولائی 2019 06:28

سٹاک مارکیٹ میں 17 کروڑ 45 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جولائی2019ء)   آپ کی پالیسیاں لاکھ بہتر ہوں مگر یہی سچ ہے کہ ہر آنے والا دن اپنے ساتھ مہنگائی کا طوفان لے کر آتا ہے۔پی ٹی آئی حکومت کے پہلے روز سے ڈالر اوپر گیااور آج تک نیچے نہیں آیا۔آئی ایم ایف سے امداد بھی مل گئی دوست ممالک نے تعاون بھی کیا مگر پھر بھی نہ مہنگائی کم ہوئی اور نہ روپے کی قدر میں مضبوطی آ سکی۔

ڈالر ایک آوارہ مزاج’ اتھرا ‘بنا ہوا ہے کہ جب اس کا دل کرتا ہے دو روپے نیچے آ جاتا ہے اور جب دل کرتا ہے پانچ روپے اوپر چلا جاتا ہے۔حکومتی پالیسیوں اور دیگر مسائل کی بنا پر اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری میں کمی ہوئی جس وجہ سے روپے کی قدر میں کمی ہونا شروع ہوئی۔ڈالر مہنگا ہونے ا ور روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سرمایہ کاری نہ ہونا ہے جس سے متعلق اسٹیٹ بینک نے ایک رپورٹ جاری کی ہے۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کم ہونے لگی ہے، مالی سال کے دوران 59 فی صد کی کمی نوٹ کی گئی۔اسٹیٹ بینک نے کہا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی 50 فی صد کمی ہوئی ہے جب کہ مالی سال کے دوران 1 ارب 73 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 19-2018 میں 3 ارب 47 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔

اسٹیٹ بینک کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ سے بھی غیر ملکی سرمائے کے انخلا کا سلسلہ جاری رہا۔ اسٹاک مارکیٹ میں 17 کروڑ 45 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی۔ اسٹیٹ بینک رواں مالی سال کی پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرنے جا رہا ہے، شرح سود میں ایک بار پھر اضافے کا امکان ہے، اس وقت شرح سود 12.25 فی صد ہے۔شرح سود میں اضافے کی وجہ افراطِ زر کی شرح میں اضافہ، روپے کی قدر میں کمی اور دیگر مالیاتی مسائل بتائے جا رہے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ شرح سود میں اضافہ مہنگائی میں کمی کا باعث بنے گا۔یاد رہے مئی میں اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے اگلے 2 ماہ کے لیے شرح سود میں 150 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا تھا، جس کے بعد بنیادی شرح سود 12.25 فی صد ہو گئی تھی۔ گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا ہے کہ حکومت کی معاشی سرگرمیوں کے نتایج ایک سال بعد دیکھنے کو ملیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات