Live Updates

امدادی فنڈ کا کیس تو پرویز مشرف پر بننا چاہیے

عمران خان ایک کمیشن پشاور بی آرٹی پر بھی بنا دیں جو100 ارب خرچ ہونے کے باوجود بھی نہیں چل سکی

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 16 جولائی 2019 06:47

امدادی فنڈ کا کیس تو پرویز مشرف پر بننا چاہیے
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جولائی2019ء)   برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ نے پاکستانی سیاست میں نئی بحث کو جنم دے رکھا ہے۔معلوم نہیں کہ حکومت اس حوالے سے نیب میں کوئی کیس بنائے گی یا پھر اپوزیشن انصاف پانے کے لیے برطانیہ کی عدالتوں میں سبھی فریقین پر کیس کرے گی یا نہیں مگر یہ بات موضوع بحث ضرور بنی ہوئی ہے۔ڈیلی میل کے الزامات اور حکومت کے رویے پر بات کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ شہباز شریف پر یہ الزام ہے کہ مشرف دور میںارتھ کوئک ریلیف اینڈ ری کنسٹرکشن اتھارٹی (ایرا)کے اندر شہباز شریف نے کرپشن کی، ایرا کے کیس بنانے ہیں تو مشرف پر بھی بنائیں، ان کے زمانے سے ایراکی فنڈنگ جاری ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جو ثبوت آپ کے پاس ہیں جائیں قومی احتساب بیورو کو دیں، نیب مقدمہ بنائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دشمنی میں برطانوی ادارے کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ شہبازشریف برطانوی عدالت میں عمران خان اور شہزاد اکبر کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ کریں گے، شہزاد اکبر سے پوچھا جائے بیرون ملک دوروں پر کتنے پیسے خرچ کیے۔شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ عمران خان اپوزیشن میں تھے تو کہا تھا شہباز شریف نے 10 ارب روپے کی آفر کی، عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ پاناما کیس پر بات نہ کرنے کیلئے شہباز شریف نے انہیں آفر کی لیکن عمران خان کا وکیل کیس میں پیش ہی نہیں ہوا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ شہزاد اکبر یا عمران خان کے پاس جو ثبوت ہیں وہ نیب کو پیش کریں، مشرف کے دور میں منصوبہ شروع ہوا جس کا شہباز شریف سے کوئی تعلق نہیں، کیس بنانے ہیں تو مشرف پر بھی ایرا کے کیس بنائیں، کوئی ثبوت ہے تو نیب اور عوام کے سامنے جائیں۔شاہد خاقان نے کہا کہ ماضی میں کہا گیا کہ نوید اکرام کو شہباز شریف نے کرپشن پر نکالا تھا، کہا گیا پنجاب میں اینٹی کرپشن نے 40 کروڑ روپے کی ریکوری کی تھی، آج تک عمران خان نے جو بات کی اس میں کوئی سچ نہیں ملا۔

عمران خان نے کہا تھا لاہور میٹرو پر 70ارب روپے خرچ ہوئے، جب ریکار ڈ آیا تو پتا چلا لاہور میٹرو 30ارب روپے میں بنی، لاہور میٹرو پچھلے 8 سال سے چل رہی ہے، اگر آپ کوشوق ہے تو پشاور کی بی آرٹی کا بھی ملاحظہ کرلیں، جہاں 100 ارب روپے خرچ ہوچکے وہاں کوئی پوچھنے والا نہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان یہ بیان بھی دے دیں کہ پشاور میٹرو پر 100 ارب روپے خرچ ہوئے لیکن میٹرو چلی نہیں، عمران خان پشاور میٹرو پر ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ بھی دیکھ لیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات