ایران ایک سال سے بھی کم وقت میں جوہری ہتھیار بناسکتا ہے. برطانوی وزیرخارجہ

برطانیہ امریکا کا سب سے اہم اور بڑا اتحادی ہے مگر ایران پر امریکی پالیسی سے متفق نہیں. برسلز میں صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 16 جولائی 2019 11:34

ایران ایک سال سے بھی کم وقت میں جوہری ہتھیار بناسکتا ہے. برطانوی وزیرخارجہ
برسلز(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 جولائی۔2019ء) برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ایران ایک سال سے بھی کم وقت میں جوہری ہتھیار بناسکتا ہے ‘ ایران کے ساتھ طے پایا جوہری معاہدہ بچانے کا اب بھی وقت موجود ہے. برسلز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جیریمی ہنٹ نے کہا کہ برطانیہ امریکا کا سب سے اہم اور بڑا اتحادی ہے مگر ایران کے حوالے سے امریکی پالیسی کے ساتھ ہمیں اتفاق نہیں ہے.

انہوں نے کہا کہ اگر ایران جوہری بم تیار کرتا ہے تو اس کے پاس اس کے لیے ایک سال سے کم وقت بچا ہے مگر جوہری معاہدے کو بچانے کا موقع ہاتھ سے نکلا جا رہا ہے.

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ اگرایران جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اسے روکنے کی کوشش کی جائے گی اس حوالے سے جلد ہی یورپی ملکوں کا ایک اہم اجلاس ہو گا یورپی ممالک ایک مشترکہ کمیٹی قائم کریں گے جو جوہری معاہدہ بچانے کے لیے لائحہ عمل طے کرے گی.

ادھر فرانسیسی وزیرخارجہ جان ویف لوڈریان نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ طے پائے جوہری سمجھوتے کو بچانے کے لیے یورپی ملکوں کو ایک صفحے پرآنا ہوگا. انہوںنے کہا کہ ایران کو جوہری معاہدے کی بعض اہم شرائط معطل کرنے کا فیصلہ واپس لینا ہوگا. انہوں نے کہا کہ جوہری معاہدے کی بعض شرائط سے دست برداری ایران کا بری فیصلے پر برا رد عمل ہے‘خیال رہے کہ یورپی یونین آج برسلز میں ہونے والے اجلاس میں ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے کو بچانے پرغور کریں گے.

اس کے علاوہ اجلاس میں خلیجی پانیوں میں عالمی تیل بردار جہازوں پرحملوں اور امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی پربھی غور کیا جائےگا. فرانس، برطانیہ اور جرمنی نے گزشتہ ہفتے ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے کی ممکنہ ناکامی خدشات کے پیش نظر اس حوالے سے تہران کے ساتھ بات چیت کی بحالی اور کشیدگی کم کرنے پر زور دیا تھا . ایک مشترکہ بیان میں ایران پر زور دیا کہ وہ جوہری معاہدے کو برقرار رکھنے کے لیے اس کی شرائط پرعمل درآمد کو یقینی بنائے‘ اس کے ساتھ امریکا اور ایران پر کشیدگی کم کرنے کے اقدامات اور مذاکرات کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا تھا.

تینوں یورپی ملکوں کا مشترکہ بیان مصری ایوان صدر کی طرف سے جاری کیا گیا اس بیان میں امریکا کی طرف سے ایران پر اقتصادی پابندیوں اور رد عمل میں اٹھائے ایرانی اقدامات پر تشویش کااظہار کیا بیان میں امریکا اور ایران پر جامع مذاکرات کی بحالی پرزور دیا گیا تھا. تینوں ملکوں نے ایران اور دیگر فریقین پر زور تمام تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیاتھا.