پاکستان میں پیٹرول،اجناس اور دھاتیں عالمی مارکیٹ کے مقابلے میں مہنگی ہونے کیخلاف قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع

منگل 16 جولائی 2019 15:07

پاکستان میں پیٹرول،اجناس اور دھاتیں عالمی مارکیٹ کے مقابلے میں مہنگی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2019ء) پاکستان میں پیٹرول،اجناس اور دھاتیں عالمی مارکیٹ سے مہنگی ہونے کیخلاف قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی گئی ۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی اسوہ آفتاب کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں پیٹرول ،دھاتیں اور اجناس سستی مگر پاکستان میں مہنگی ہورہی ہیں۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ایک سال میں خام تیل 17فیصد سستا ہوا ہے جبکہ پاکستان میں خام تیل 13.4اور فرنس آئل 27.5فیصد مہنگا ہوا ہے۔عالمی مارکیٹ میں چینی 4فیصد سستی اور پاکستان میں 31فیصد مہنگی ہوگئی ہے۔عالمی مارکیٹ میں ڈی اے پی 16فیصد سستی اور پاکستان میں 10فیصد مہنگی ہو گئی ہے۔ اسی طرح یوریا کھاد 4فیصد سستی اور پاکستان میں 22.6فیصد مہنگی ہو گئی ہے۔پیٹرول اور اجناس سمیت دیگر اشیاکی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر عوام کو گہری تشویش ہے ۔ مطالبہ ہے کہ حکومت پیٹرول،اجناس،کھادوںسمیت تمام اشیا ء کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کے مطابق مقرر کرے۔