افغانی فائٹر کو شکست دے کر ٹائٹل جیتنا میرے لئے باعث فخر لمحہ ہے، ضیاء مشوانی

منگل 16 جولائی 2019 17:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2019ء) نامور پاکستانی مکس مارشل آرٹس فائٹر ضیاء مشوانی نے کہا ہے کہ چیلنجز افغانی فائٹر کو شکست دے کر ٹائٹل جیتنا میرے لئے باعث فخر لمحہ ہے، کوشش ہو گی کہ مستقبل میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کیلئے مزید اعزازات حاصل کروں، انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کھیل کی سرپرستی کرے تاکہ پاکستان سے اور اچھے سٹارز دنیا بھر میں جا کر ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

لیاقت باغ، سپورٹس کمپلیکس راولپنڈی میں فلاگر سیریز کے زیر اہتمام منعقدہ انٹرنیشنل مکس مارشل آرٹس چیمپئن شپ میں ضیاء مشوانی نے افغانستان کے فائٹر سمیع اللہ شاہی کو شکست دے کر پاکستسان کا نام روشن کیا تھا۔ یاد رہے کہ افغانی فائٹرز نے پاکستانی فائٹرز کو چیلنج کیا تھا جس پر فلاگر سیریز نے راولپنڈی میں انٹرنیشنل مکس مارشل آرٹس چیمپئن شپ کا اہتمام کیا تھا۔

(جاری ہے)

ضیاء مشوانی نے منگل کو ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مکس مارشل آرٹس کی ٹریننگ اسلام آباد کے مشہور کلب فائٹ فوٹریس سے شروع کی اور فائٹ فوٹریس میں موجود کئی نامور مکس مارشل آرٹس فائٹرز سے بہت کچھ سیکھا۔ انہوں نے کہا کہ آج تک اپنی مدد آپ کے تحت ٹریننگ سمیت انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں شرکت کی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مکس مارشل آرٹس کی ترقی و فروغ کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ نوجوان کھلاڑی اس کھیل کی طرف راغب ہوں اور وہ مستقبل میں اس کھیل میں بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔

واضح رہے کہ ضیاء مشوانی اور انیتا کریم سمیت کئی دوسرے کھلاڑی بھی اپنی مدد آپ کے تحت انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کر کے بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر چکے ہیں۔