Live Updates

مخصوص خاندانوں کے گٹھ جوڑ کے باعث قرضوں میں ڈوبے ملک کے مظلوم عوام کے ساتھ ناانصافیاں ہوئیں. وفاقی وزراء کی بریفنگ

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ سب سے زیادہ غربت سندھ میں ہے. وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 16 جولائی 2019 17:32

مخصوص خاندانوں کے گٹھ جوڑ کے باعث قرضوں میں ڈوبے ملک کے مظلوم عوام کے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 جولائی۔2019ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے نواز شریف نے سیکیورٹی کے نام پر 431 کروڑ 83 لاکھ روپے خرچ کیے جبکہ آصف زرداری نے سیکیورٹی اور انٹرٹینمنٹ کے نام پر نام پر قوم کے ٹیکس کے 316 کروڑ 41 لاکھ روپے خرچ کردیے. اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس بریفنگ کی اور بتایا کہ ایک مخصوص خاندان کے سیاسی گٹھ جوڑ کے باعث قرضوں میں ڈوبے ملک کے مظلوم عوام کے ساتھ ناانصافیاں ہوئیں، اس مغلیہ خاندان نے قوم کے پیسے سے شاہانہ انداز میں زندگی گزاری.

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا کہ سندھ کا ذکر کریں تو سپریم کورٹ کورٹ میں جمع رپورٹ کے مطابق تھر میں ہر سال 500 سے زائد بچے بھوک و افلاس کی وجہ سے موت کا شکار ہورہے ہیں، وہاں صحت کی یہ صورتحال ہے کہ ایمبولینس تک دستیاب نہیں، صاف پانی کے مسئلے سب سے زیادہ سندھ اور پھر جنوبی پنجاب میں نظر آئیں گے. مراد سعید نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ سب سے زیادہ غربت سندھ میں ہے، جس کے بعد جنوبی پنجاب کا نمبر آتا ہے.

وفاقی وزیر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے دور میں وزیر اعظم رہنے والے یوسف رضا گیلانی کے بارے میں بتایا کہ ان کے وزیر اعظم ہاﺅس کے علاوہ 5 کیمپ آفسز تھے، جس میں 3 لاہور اور 2 ملتان شہر میں تھے اور قوم کا 24 کروڑ 50 لاکھ 49 ہزار روپے سیکیورٹی پر خرچ کیے گئے. انہوں نے کہا کہ ان کے بعد آصف زرداری کی باری آتی ہے جو قوم کو بہت زیادہ بھاری پڑے، سابق صدر کے لاڑکانہ اور نوڈیرو میں بھی کیمپ آفسز تھے جبکہ وہاں ان کا اپنا گھر موجود ہے.

مراد سعید نے بتایا کہ آصف زرداری نے سیکیورٹی اور انٹرٹینمنٹ کے نام پر 316 کروڑ 41 لاکھ 18 ہزار 227 روپے خرچ کیے جبکہ یہ پیسہ اس وقت خرچ کیا گیا جب وہ صدر مملکت نہیں تھے، یہ رقم 2013 سے 2018 کے درمیان خرچ کی گئی. تفیصلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2015 میں آصف زرداری کے پاس 246 گاڑیاں سیکیورٹی کے نام پر تھیں، 2017 میں 164 گاڑیاں اور 2018 میں 158 گاڑیاں تھیں جبکہ 2019 میں جیل جانے سے قبل ان کے پاس 158 گاڑیاں، 656 پولیس اہلکار سمیت 820 تک سیکیورٹی اہلکار موجود تھے.

دوران گفتگو مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد کے بارے میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ 2015 میں نواز شریف کا دورہ امریکا 4 لاکھ 60 ہزار ڈالر کا تھا جبکہ رواں ماہ عمران خان کا یہی دورہ 60 ہزار ڈالر میں مکمل ہوجائے گا. انہوں نے کہا کہ نواز شریف 4 لاکھ ڈالر زائد استعمال کر رہے تھے، اس کے علاوہ 2016 میں نواز شریف جب ملک سے علاج کے لیے باہر گئے تو اس پر 3 لاکھ 27 ہزار پاو¿نڈ خرچ ہوئے جبکہ نواز شریف کے سفری اخراجات کی رقم بھی قوم کے ٹیکس کے پیسوں سے ادا کی گئی.

وزیر مواصلات نے کہا کہ گھر کی تزئین و آرائش پر 24کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کیے گئے، سیکورٹی کیمرا پر 6 کروڑ 66 لاکھ روپے خرچ کیے گئے اور نواز شریف سیکورٹی پر کل خرچہ 431 کروڑ 83 لاکھ روپے لگائے گئے. اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے رائے ونڈ کے لیے خصوصی سڑک قوم کے پیسے سے بنائی جبکہ عمران خان کے گھر کی سڑک ان کے ذاتی پیسوں سے بنائی گئی، عمران خان کا کوئی کیمپ آفس نہیں، وہ وزیر اعظم ہاﺅس میں نہیں رہتے بلکہ وہ بنی گالا میں اپنا خرچ خود اٹھاتے ہیں.

پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف کے اخراجات کی تفصیل بتاتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ انہوں نے قوم کے 872 کروڑ 59 لاکھ 59 ہزار روپے اپنی سیکورٹی پر خرچ کیے. انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف نے جب 130 کروڑ کا ہیلی کاپٹر لیا، تاہم اس کے علاوہ نواز شریف کے بطور وزیر اعظم زیر استعمال طیارے کو شہباز شریف نے 556 مرتبہ استعمال کیا، جس پر قوم کا 41 کروڑ 77 لاکھ 33 ہزار روپے خرچ کیے گئے ساتھ ہی انہوں نے سابق صدر ممنون حسین کے بارے میں بتایا کہ انہوں نے کراچی کے گھر کو کیمپ آفس ظاہر کیا اور اس کے لیے 30 کروڑ 32 لاکھ 7 ہزار روپے استعمال کیے جبکہ شریف خاندان کی سیکیورٹی پر 2 ہزار 717 اہلکار مامور تھے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات