گڑھی دوپٹہ تا کومی کوٹ ڈیفنس روڈ کی عدم تعمیر کیخلاف عوام نی25جولائی کو شاہرائے جہلم ویلی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کرنے کا اعلان کر دیا

منگل 16 جولائی 2019 19:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2019ء) گڑھی دوپٹہ تا کومی کوٹ ڈیفنس روڈ کی عدم تعمیر کے خلاف کومی کوٹ کی عوام نی25جولائی کو شاہرائے جہلم ویلی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کرنے کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق گڑھی دوپٹہ تا کومی کوٹ ڈیفنس روڈ عرصہ پانچ سال سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔عوام علاقہ جن میں حمزہ قریشی،راجہ شان،عاقب ریاض،احتشام راجہ،شیخ رضوان،خواجہ احسن،خواجہ احسان،ٹرانسپوڑٹ پر چلنے والی تمام چھوٹی بڑی گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے بتایا کہ آئے روز حادثات رونماء ہو رہے ہیں ہزاروں کی آبادی اس روڈ پر اپنی جانوں پر کھیل کر سفر کرنے پر مجبور ہیں۔

روڈ پر چلنے سے گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ نیلم جہلم پراجیکٹ کیلئے پتھر نکاسی کا عمل اسی روڈ پر جاری رہا جو کہ واپڈا کے معاہدے کے مطابق روڈ کو دوبارہ تعمیر کر کے دینا تھا جو تاحال تعمیر نہ ہو سکی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ کئی سالوں سے روڈ کی تعمیر کا مطالبہ کیا گیا جو پورا نہ کیا جا سکا اور نہ ہی حکومت نے اس طرف کوئی توجہ دی۔

طویل مشاورت کے بعد عوام علاقہ کومی کوٹ نے مجبوراً احتجاج کا راستہ اختیار کرتے ہوئے 25جولائی کو گڑھی دوپٹہ چوک سے شاہرائے سرینگر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے اور جب تک روڈ کی تعمیرنہیں ہوتی یہ احتجاج مظفرآباد کی طرف مارچ کریگا۔جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت اور ایم ایل ایز پر ہو گی۔عوام علاقہ کومی کوٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ 25جولائی سے پہلے اگر روڈ کی دوبارہ تعمیر نہ ہوئی تو شدید احتجاج پر مجبور ہونگے۔

انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان، چیف سیکرٹری آزاد کشمیرمطہر نیاز رانا اور عسکر ی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور اس طرف توجہ دیتے ہوئے کومی کوٹ کی عوام کو اس اذیت سے آزاد کیا جائے۔اگر ہمارا مطالبہ پورا نہ کیا گیا تو 25جولائی کو گڑھی دوپٹہ چوک سے روڈ کو مکمل بند کر کے احتجاج کیا جائے گا۔