ایمریٹس نے براستہ بارسلونا میکسیکو سٹی کے لئے پرواز شروع کرنے کا اعلان کردیا

منگل 16 جولائی 2019 19:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2019ء) ایمریٹس نے دبئی سے میکسیکو سٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ براستہ بارسلونا 9 دسمبر 2019 سے یومیہ نئی سروس شروع کرنے ک اعلان کیا ہے۔ ایمریٹس کی میکسیکو کے لئے نئی پرواز اسپین کے شہر بارسلونا سے منسلک ہوگی۔ اب مسافر غیر معمولی دو شہروں کے مابین باسہولت انداز سے سفر کرسکیں گے۔ میکسیکو، اسپین اور متحدہ عرب امارات کے شہریوں کو اب متعلقہ ملک میں ویزا فری سفر کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لئے صرف اپنے پاس پاسپورٹ موجود رکھنے کی ضرورت ہے۔

اس نئے روٹ پر ایمریٹس کے دو کلاس والے بوئنگ 777-200 ایل آر جہاز میں 38 بزنس کلاس نشستیں اور 264 اکانومی نشستیں موجود ہوں گی۔ نئی بوئنگ 777 پرواز میں 14 ٹن تک کارگو بھی لے جایا جاسکے گا جس کے نتیجے میں میکسیکو کی برآمدات کی عالمی مارکیٹوں میں رسائی بڑھ جائے گی۔

(جاری ہے)

ایمریٹس اسکائی کارگو پہلے سے ہی سال 2014 سے میکسیکو سٹی سے نقل و حمل کے لئے کارگو لانے لے جانے کی خدمات فراہم کررہا ہے اور گزشتہ سال اس روٹ پر 22 ہزار 500 ٹن سے زائد کارگو کی نقل و حمل ہوئی ۔

ایمریٹس ایئرلائن کے پریذڈنٹ سر ٹم کلارک نے کہا، "دبئی اور میکسیکو کے درمیان نئے فضائی رابطہ متعارف کرانے پر ہم پرجوش ہیں۔ سیاحت، کاروبار اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے اعلیٰ معیار کی یومیہ بنیادوں پر بین الاقوامی فضائی خدمات کی دستیابی انتہائی ضروری ہے۔ تجارت خاص طور پر قیمتی اور وقت کے اعتبار سے حساس مصنوعات کو ایمریٹس کے بوئنگ 777 جہاز کے وسیع گنجائش کے حامل کارگو کے ذریعے سہولت حاصل ہوگی ۔

ہمیں اس بات کی بھی توقع ہے کہ نئے ریفربش شدہ بوئنگ 777-200 ایل آر جہاز سے ہماری یومیہ پروازوں سے سیاحت میں بھی تیزی آئے گی۔انہوں نے مزید کہا، "میکسیکو سٹی ایئرپورٹ بلندی پر واقع ہونے کی وجہ سے یہ ممکن نہیں کہ دبئی سے نان اسٹاپ پرواز آپریٹ کی جائے، اس لئے بارسلونا قدرتی طور پر ایک اسٹاپ اوور ہے۔ ہمیں اسپین کے شہر اور میکسیکو سٹی کے درمیان راستے کا براہ راستہ رابطہ بننے پر خوشی ہے، یہ روٹ دیگر ایئرلائنز کی جانب سے کافی عرصے سے نظرانداز تھا اور مسافروں کی بھرپور طلب کے باوجود توجہ کا مستحق ہے۔

ہم اسپین اور میکسیکو میں اپنے پارٹنرز اور حکام کے مشکور ہیں جنہوں نے اس روٹ کے لئے تعاون فراہم کیا، ہم امید کرتے ہیں کہ مسافروں کو ہماری ایوارڈ یافتہ منفرد خدمات حاصل ہوگی۔میکسیکو کے وزیر سیاحت میگیول ٹروکو مارکیز نے کہا، "میکسیکو بڑے عرصے سے منتظر دبئی۔بارسلونا۔میکسیکو سٹی پرواز کے لئے معاون ہے اور اس سے میکسیکو حکومت نئی مارکیٹوں میں داخل ہونے کے لئے سیاحتی پالیسی کی جانب کام کر رہی ہے جبکہ مشرق وسطیٰ و میکسیکو کے درمیان رابطہ مستحکم بنانے کے لئے کام کیا جارہا ہے۔

ہم دنیا کے اس خطے سے آنے والے سیاحوں کا بے چینی سے خیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں۔میکسیکن سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل راڈریگو واس کیوز سی نے کہا، "دبئی اور اس سے آگے دیگر ممالک میں یومیہ بنیادوں پر فضائی خدمات کی فراہمی کے لئے ایمریٹس کی آمد سے ہماری بین الاقوامی سطح پر کنکٹویٹی میں نمایاں انداز سے اضافہ ہوگا۔ ایمریٹس میکسیکو میں بین الاقوامی پروازیں آپریٹ کرنے والے 43 ویں ایئرلائن ہوگی۔

ایمریٹس کی جانب سے میکسیکو میں میکسیکو سٹی پہلا مقام ہے جہاں ایمرٹس سفری خدمات فراہم کرے گا۔ یہ میکسیکو کا سب سے بڑا اور شمالی امریکہ کا سب سے گنجان آباد شہر ہے۔ میکسیکو کا دارالحکومت امریکاز کے اہم ثقافتی و مالیاتی مراکز میں سے ایک ہے اور ملکی قومی پیداوار میں اسکا تقریبا ایک تہائی حصہ ہے۔ میکسیکو کی وادی 2240 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔

یہ شہر اپنے تاریخی مرکز زوکالو کی وجہ سے مشہور ہے اور یہ یونیسکو کے عالمی تاریخی ورثوں کی فہرست میں شامل ہے۔ میکسیکو سٹی تجارتی و صنعتی بالخصوص آٹوموٹو، میڈیکل کا سامان اور فارماسیوٹیکل انڈسٹریز کے اعتبار سے بھی اہم شہر ہے۔ میکسیکو دنیا بھر میں بالخصوص متحدہ عرب امارات، اسپین، بھارت، پاکستان، سنگاپور، مصر اور لبنان میں کاروباری اور تفریح مقاصد کے لئے ایک مقبول مقام ہے۔

اس نئی سروس سے مشرق وسطیٰ کے لوگ بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ دبئی کے محکمہ سیاحت و کامرس مارکیٹنگ (ڈی ٹی سی ایم) کے مطابق میکسیکو سے تعلق رکھنے والے سیاحوں میں بھی دبئی کا سفر مقبولیت پارہا ہے۔ سال 2019 کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران میکسیکو سے تعلق رکھنے والے مسافروں کی دبئی آمد میں گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ایمریٹس کے ساتھ سفر کرنے والے مسافر دبئی اسٹاپ اوور پیکیج سے بکنگ کراسکتے ہیں جس کی بدولت وہ آگے 140 سے زائد مقامات پر سفر کرنے سے قبل دبئی میں چند روز قیام کے دوران دبئی میں دلچسپ تفریحی مقامات سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

اس ضمن میں مقامی وقت کے مطابق ایمریٹس کی پرواز ای کے 255 دبئی سے 3:30 بجے روانہ ہوگی، 8 بجے بارسلونا پہنچے گی، 9:55 پر دوبارہ روانہ ہوگی اور اور اسی روز 16:15 پر میکسیکو سٹی پہنچے گی۔ ریٹرن فلائٹ ای کے 256 مقامی وقت کے مطابق میکسیکو سٹی سے 19:40 بجے روانہ ہوگی، اگلے روز 13:25 پر بارسلونا پہنچے گی۔ پھر یہ پرواز بارسلونا سے 15:10 پر دبئی کے لئے روانہ ہوگی اور یہ اگلے روز پاکستان میں پانچ مقامات پر آسان رابطوں میں سہولت کے ساتھ 12:45 پر منزل مقصود پہنچے گی۔

تمام کیبن میں موجود مسافر ایمریٹس کے بین الاقوامی کیبن کریو، ماہر شیفس کے تیار کردہ کھانوں، اسکے ایوارڈ یافتہ انٹرٹینمنٹ سسٹم آئس پر 4 ہزار سے زائد مووی چینلز، ٹی وی پروگرامز، میوزک اور پوڈ کاسٹ بشمول اردو چینلز سے محظوظ ہوسکیں گے۔