خالد بن سلمان اور مارٹن گریفتھس کے درمیان یمن کے مسئلے پر بات چیت

سعودی عرب برادر یمنی عوام کے حوالے سے شدید فکر مند،یمنی امور میں ایرانی مداخلت روکی جائے،خالد بن سلمان

منگل 16 جولائی 2019 19:55

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2019ء) سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز کا کہنا ہے کہ انہوں نے یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس کو باور کرا دیا ہے کہ سعودی عرب یمنی عوام کی شدید فکر رکھتا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹویٹر پر اپنے بیان میں شہزادہ خالد نے لکھا کہ میں نے یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس سے ملاقات کی، اور انہیں باور کرایا کہ سعودی عرب برادر یمنی عوام کے حوالے سے شدید فکر رکھتا ہے ، یمن کے امور میں ایران کی مجرمانہ مداخلت کا سلسلہ روکا جائے۔

اس بات کو بھی واضح کر دیا گیا ہے کہ ہم جس سیاسی حل کو سپورٹ کرتے ہیں وہ اس بات کا متقاضی ہے کہ حوثی ملیشیا اٴْن تمام امور کی پاسداری کرے جن پر یمنیوں کی موافقت ہے۔

(جاری ہے)

ان میں اسٹاک ہوم معاہدہ شامل ہے۔یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس نے پیر کے روز اپنے ریاض کے دورے میں میں کہا تھا کہ انہوں نے خالد بن سلمان کے ساتھ یمن میں سیاسی حل کے لیے سعودی سپورٹ پر تبادلہ خیال کیا۔

گریفتھس کا مزید کہنا تھا کہ سعودی نائب وزیر دفاع کے ساتھ بات چیت میں یمن کو خطے میں جاری کشیدگی سے باہر لانے کا معاملہ زیر بحث آیا۔یمنی آئینی حکومت کے ذرائع نے بتایا تھا کہ اقوام متحدہ کے ایلچی اپنے سعودی عرب کے دورے میں یمنی حکومت کے ذمے داران کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ اس سے قبل مارٹن گریفتھس گذشتہ تین ہفتوں کے دوران ابوظبی، مسقط، ماسکو اور واشنگٹن کا دورہ کر چکے ہیں۔