جہلم، جی ٹی روڈ پرون ویلنگ کا خطرناک کھیل روز بروز شدت اختیار کرنے لگا، نوجوان لقمہ اجل ، معذور ہونے لگے

منگل 16 جولائی 2019 20:05

جہلم۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2019ء) جہلم جی ٹی روڈ پرون ویلنگ کا خطرناک کھیل روز بروز شدت اختیار کرنے لگا، ون ویلنگ کا شکار نوجوان لقمہ اجل اور معذور ہونے لگے، موٹر وے سمیت ضلعی پولیس خاموش تماشائی ، شہری حلقوں کا ایس پی موٹر وے ، ڈی پی او جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق جہلم جی ٹی روڈ پر ون ویلنگ کا خطرناک کھیل روز بروز شدت اختیار کرتا جا رہاہے ، موٹر وے پولیس اور ضلعی پولیس کی مجرمانہ غفلت و لاپرواہی کے باعث ون ویلنگ کا سلسلہ پورے عروج پر پہنچ چکاہے،جمعہ کے روز موٹر سائیکلوں پر نوجوان ،منچلے اور کمسن بچے تیز رفتاری کے ساتھ ون ویلنگ کرتے جی ٹی روڈ پر خونی کرتب دکھائی دیتے ہیں ، منچلوں کی بڑی تعداد دریائے جہلم کے کنارے واقع پٹرول پمپ سے پیر شہاب تک ون ویلنگ کرتے ہوئے ویلر سڑکوں پر ریس لگاتے اور خطرناک کرتب کرتے دکھائی دیتے ہیں،نوجوان موٹر سائیکل سوار ٹولیوں کی شکل میں جھنڈ بن کر موٹر سائیکلوں پر ریس لگاتے ہوئے تیز رفتاری کے ساتھ پیدل چلنے والوں کے پاس سے گزرتے ہیں جس کیوجہ سے سڑکوں کے اطراف میں پیدل چلنے والی خواتین اور چھوٹے چھوٹے معصوم بچے سہم جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

قابل ذکر بات یہ ہے کہ موٹر وے پولیس اور ضلعی پولیس سب کچھ جاننے کے باوجود لا تعلقی اختیار کئے ہوے ہے جس کی وجہ سے قانون شکن نوجوان خونی کرتب کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔ جہلم شہر کی سماجی ، رفاعی ، فلاحی ، مذہبی تنظیموں کے عمائدین نے ایس پی موٹر وے پولیس، ڈی پی او جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ حکمت عملی مرتب کرکے جمعہ کے روز گھنائونا کھیل کھیلنے والوں کو پکڑ کر پابند سلاسل کیا جائے اور ویلروں کی موٹر سائیکل تیار کرنے والے کاریگروں کے خلاف بھی مقدمات درج کئے جائیں تاکہ حادثات میں کمی واقع ہو سکے ۔