شہر میں موسلادھاربارش، وارڈنز ٹریفک رواں دواں رکھنے میں پیش پیش رہے، گہرے پانی میں کھڑے ہوکر گاڑیوں کو دھکے لگاتے نظرآئے

منگل 16 جولائی 2019 20:12

لاہور۔16 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2019ء) سٹی ٹریفک پولیس گزشتہ دو روز سے جاری لاہور شہر میں ہونے والی تیز بارش کے دوران بھی ٹریفک کی روانی کو یقینی بناتے اور شہریوں کی مدد کرتے نظر آئی۔ سی ٹی او کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک کی ہدایت پر ایس پی ٹریفک سردار محمد آصف خاں اور ایس پی سٹی آصف صدیق سمیت تمام سرکل افسران اور ٹریفک وارڈنز سڑکوں پر موجود رہے۔

والٹن روڈ، قینچی،ایک موریہ،گلاب دیوی، لاہور بریج ، ٹمبر مارکیٹ، سمن آباد اور لکشمی چوک سمیت دیگر شاہرائوں پر پانی کھڑا رہا۔ وارڈنز بارش کے پانی میں کھڑے ہوکر ڈیوٹی سرانجام دیتے رہے۔فیروز پور روڈ قینچی چونگی اور ایک موریہ پر گٹروں پانی نکلنے سے ٹریفک کا زیادہ مسئلہ رہا۔ تاہم سٹی ٹریفک پولیس کی طرف سے نشیبی سڑکوں پر اضافی وارڈنز تعینات کرتے ہوئے ٹریفک کو رواں دواں رکھا گیا۔

(جاری ہے)

بارش کے دوران وارڈنز پانی میں بند گاڑیوں کو دھکے لگاتے نظر آئے۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر کا کہنا تھا کہ ہم نے شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنی ہیں۔ موسمی حالات جیسے بھی ہوں ٹریفک وارڈنز ہمیشہ شہریوں کی سہولت کیلئے موجود رہیں گے۔علاوہ ازیں سی ٹی او کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے کہا کہ شہر بھر میں ایک موریہ ، شاہدرہ چوک پر تعمیراتی کاموں کے باعث روڈ پر ٹریفک کا دبائو بڑھ گیا ہے،جسے اضافی نفری تعینات کرتے ہوئے کلیئر رکھا جا رہا ہے۔